کشمور ریپ کیس کا مرکزی ملزم رفیق ملک ساتھی کی گرفتاری کے دوران پولیس مقابلے میں ہلاک

جمعہ 13 نومبر 2020 23:01

کندھ کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2020ء) کشمور ریپ کیس کا مرکزی ملزم رفیق ملک ساتھی کی گرفتاری کے دوران پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رفیق ملک اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں کا نشانہ بنا۔ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کے مطابق کشمور گینگ ریپ کے مرکزی ملزم کو مفرور ساتھی خیر اللہ بگٹی کی گرفتاری کیلئے پولیس اپنے ہمراہ سوئی لے کر گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ملزم رفیق ملک کو دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کی شناخت اور گرفتاری کے لیے لے کر پہنچی تو ملزمان اور اس کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ملزمان کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی رفیق ملک زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، ملزم رفیق ملک کو خیراللہ بگٹی کی نشاندہی کے لیے پولیس اپنے ہمراہ لائی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے دوسرے ملزم خیر اللہ بگٹی کو حراست میں لے لیاہے۔کشمور میں ماں اور 4 سالہ بچی سے اجتماعی ریپ کے ایک ملزم کو منگل کی رات متاثرہ خاتون کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان نے کراچی سے نوکری کا لالچ دے کر بلوائی گئی خاتون کو بچی سمیت اغوا کرلیا تھا، دونوں کو کئی روز تک ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔انتظامیہ کے مطابق کشمور میں ریپ اور تشدد کی شکار بچی چند گھنٹوں کیلئے ہوش میں آئی مگر دوبارہ حالت بگڑنے پر اسے چانڈکا اسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے کشمور میں ریپ کی شکار چار سالہ بچی کو اچانک کراچی روانہ کردیا، اجتماعی ریپ کا نشانہ بننے والی ماں بھی ایمبولینس میں بچی کے ہمراہ ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریپ کی شکار ماں اور بیٹی کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں