خیرپور کے حلقے پی ایس 30پرضمنی انتخاب کل ہوگا،پیپلزپارٹی اور جی ڈی اے میں سخت مقابلہ متوقع

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 19:44

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) خیرپور کے حلقے پی ایس 30پرضمنی انتخاب کل ہوگا۔ اس حلقے میں پیپلزپارٹی کے پیرفضل شاہ جیلانی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ سندھ کی دو بڑی سیاسی جماعتیں پیپلزپارٹی اور پاکستان ڈیموکریٹک الائنس دوبارہ آمنے سامنے ہونگی۔ اس حلقے میں پاکستان پیپلزپارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سمیت تحریک لبیک پاکستان اور3آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

خیرپور کے حلقے پی ایس 30 میں صوبھوڈیرو، ہنگورجہ، سٹھارجہ کے علاقے آتے ہیں۔ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 156127 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 87059 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 69068 ہے۔حلقہ پی ایس 30 پر33 پولنگ اسٹیشنز مرد حضرات کے لیے جبکہ خواتین کے لیے 32 پولنگ اسٹیشنزبنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کی دو سیٹ حاصل کرنے والے امیدوار پیر فضل علی شاہ جیلانی نے یہاں سے 39031 ووٹ جبکہ جی ڈی اے کے امیدوار غلام رسول سہتو نے 22570 ووٹ حاصل کیئے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پیر فضل شاہ جیلانی کا چھوٹا بھائی احمد رضا شاہ جیلانی یہاں سے انتخاب لڑرہاہے جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای) کے ٹکٹ پر پیر محرم علی شاہ لکیاری اور تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار سید صفدر علی شاہ بھی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کے اہلکار تعینات ہوںگے جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کوبیلٹ پیپرز بھی پہنچا دیئے گئے ہیں جو ہفتہ کوپریزائیڈنگ افسران کے حوالے کردیئے گے۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں