خیبر، باڑہ بازار میں خودکش دھماکا اورفائرنگ ، پولیس اہلکار شہید ، 8 افراد زخمی

جمعرات 20 جولائی 2023 15:27

خیبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2023ء) خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے باڑہ بازارمیں خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں 1 پولیس اہلکار شہید اور8 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ پر دوران تلاشی ہوا ۔کمپائونڈ کے اندر باڑہ تھانہ،سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں، باڑہ تھانے کے اندر ہی سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ایک شخص کی لاش لائی گئی ،3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 زخمی ہسپتال لائے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس خیبر پختون خوا نے خیبر میں دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمپائونڈ میں 2 خود کش حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی۔آئی جی خیبر پختون خوا کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ، جبکہ دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔آئی جی خیبر پختون خوا کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں