ہلمند ،امریکی و اتحادی طیاروں کی بمباری ،کمانڈر سمیت 17 پولیس افسر ہلاک ،14 زخمی ہوگئے

جمعہ 17 مئی 2019 18:20

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی و اتحادی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ایک کمانڈر سمیت 17 پولیس افسر ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا نے صوبائی کونسل کے سربراہ عطاء اللہ افغان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع نہر سراج میں طالبان اور پولیس کے مابین لڑائی جاری تھی کہ اس دوران امریکی و اتحادی فوجی طیاروں نے غلطی سے افغان پولیس پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 17 پولیس افسر و اہلکار جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ اور گورنر ہلمند محمد یاسین نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اطلاعات کیمطابق جاں بحق پولیس افسروں میں 601 ہائی وے کمانڈر لیفٹیننٹ حبیب گران بھی شامل ہے۔ گورنر کے ترجمان عمر زواک کے حوالے سے اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہ بمباری امریکی فوجی طیاروں نے کی ہے۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں