خیبرپختونخواہ میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد تین روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم 17 جون سے شروع ہو گی

جمعرات 13 جون 2019 18:03

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2019ء) خیبرپختونخواہ میں رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پولیو کے مجموعی(17) کیسز سامنے آنے کے بعد صوبہ کے مخصوص اضلاع میں تین روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم اگلے ہفتے 17 جون سے شروع ہورہی ہے جبکہ بنوں ڈویژن میں پولیو کے سب سے زیادہ(12) کیس رپورٹ ہونے کے بعدوز یراعظم پاکستان کے خصوصی معاون برائے انسداد پولیوبابر بن عطا نے علاقے میں پولیو وائرس کے پھیلاؤپر انتہائی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے خطرناک قراردیا ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو معاملے کی تحقیقات کے لئے مراسلہ ارسال کردیا ہے ۔

ادھر ضلع بنوں کی ضلعی انتظامیہ اور پولیو حکام پولیو وائرس پر قابو پانے اور پولیو سے متعلق عوامی خدشات دور کرکے اٴْن کو مطمئن کرنے اور پولیو سے متعلق منفی پروپیگنڈہ کو دورکرنے کے لئے گاؤں گاؤں جرگے اور کھلی کچہریاں منعقد کررہے ہیں اور پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لئے ایڑی چوڑی کا زور لگارہے ہیں۔

(جاری ہے)

شمالی ضلع شانگلہ اورقبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دوبچوں میںپولیو وائرس کی تصدیق کے بعد رواں برس خیبرپختونخوا میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور اب تک صوبہ میں متاثرہ بچوں کی تعداد(17)تک پہنچ گئی ہے جو انتہائی تشویشناک امرہے۔

بنوں ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعدادسب سے زیادہ(12) ہے جہاں ضلع بنوں میں 7) ( اور شمالی وزیرستان میں (5 )بچے متاثر ہوچکے ہیں ۔ پولیوکے مقامی حکام کے مطابق خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹرمیران شاہ کے دوراٴْفتادہ علاقے پلنگ زئی میں دوسالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق خیبرپختونوا کے بنوں ڈویژن کے دونوں اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعدادمیں آئے روز اضافہ کی وجہ سے صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی ہے اور متعلقہ حکام نے پہلے ہی بنوں کو پولیو کے حوالے سے خطرناک قراردیا ہے ۔

صوبہ کے اضلاع ہنگو‘ ڈیرہ اسماعیل خان اور شانگلہ کے علاوہ قبائلی اضلاع خیبر اورباجوڑ میں بھی پولیو سے متاثرہ بچوں کی کل تعداد (5) ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک صوبہ سندھ اور پنجاب میں تین تین کیس جبکہ خیبرپختونخوا میں تعدادبڑھ کر (17)ہوگئی اور یوں ملک بھر میں رواں سال کے ابتدئی پانچ ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد(23)تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیو کے وائرس پر قابو پانے کے لئے متعلقہ حکام نے صوبہ خیبرپختونخواکے مخصوص اور سب سے زیادہ متاثرہ کئی اضلاع میں تین روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم اگلے ہفتہ 17 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے دوران لاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے لئے تمام تر ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ ان اضلاع میں سو فیصد ٹارگٹ حاصل کرکے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاسکیں ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں