بارکھان کے پہاڑی سلسلے میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے پی ڈی ایم اے ، ایف سی ، ضلعی انتظامیہ ،محکمہ جنگلات اور لیویز کی مشترکہ کوششیں

اتوار 17 مارچ 2024 15:20

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) بارکھان کوہلو سرحدی پہاڑی سلسلے کوہ جاندران کے جنگلات میں آگ لگ گئی ۔ ہفتے کے دوپہر کو لگنے والی آگ گزشتہ شب شدت اختیار کرگئی جس کے باعث پہاڑی علاقے میں موجود جنگلات ،نایاب جڑی بوٹیوں ، قیمتی درختوں اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ کوہ جاندران کے جنگلات میں آگ لگنے کا وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیا اور پی ڈی ایم اے کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلی بلوچستان کے ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے بارکھان کے لئے ٹیمیں روانہ کردی اور امدادی ٹیم کو آگ بجھانے کے آلات سمیت دیگر سامان مہیا کردیا گیا ہے ۔ اتوار کو علی الصبح پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ایف سی ، ضلعی انتظامیہ ، محکمہ جنگلات اور لیویز کے ہمراہ آگ کے مقام پر پہاڑی علاقے میں پہنچ گئے اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضع ہدایات کی روشنی میں آگ بجھانے کا کام شروع کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلعی ناظم جنگلات زبیر کاکڑ کے مطابق آگ سے بڑے پیمانے پر جنگلات و جنگلی حیات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے آگ بجھانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں ہوا کی شدت میں اضافہ کے ساتھ آگ پھیل گیا اور بڑے پیمانے پر جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) بلال شبیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشوار گزار راستہ ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے ہوا کے بہاؤ میں کمی کی وجہ سے آگ کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ایف سی، محکمہ جنگلات اور لیویز فورس بارکھان کی جانب سے آگ بجھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تقریباً ایک سو ایکڑ رقبے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر سے پانی اٹھانے کے لیے قریبی پانی کے ذرائع کو استعمال کیا جائے گا ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بارکھان سمیت تمام طبی مراکز کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔\378

کوہلو میں شائع ہونے والی مزید خبریں