عمران خان کو روز ریلیف ملتا ہے‘ کہیں نہ کہیں سے دباؤ ضرور ہے؛ فضل الرحمان

سیاسی لوگ ہیں جانتے ہیں کچھ چیزیں ہورہی ہیں‘ ایک بار ملک ان کے حوالے کیا گیا لیکن اب یہ خطرہ دوبارہ کبھی نہیں اٹھایا جا سکتا۔ پی ڈی ایم کے صدر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 13:30

عمران خان کو روز ریلیف ملتا ہے‘ کہیں نہ کہیں سے دباؤ ضرور ہے؛ فضل الرحمان
کوٹ ادو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) حکومتی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نےکہا ہے کہ عمران خان کو عدالت میں روز ریلیف ملتا ہے، کہیں نہ کہیں سے دباؤ ضرور ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں جانتے ہیں کچھ چیزیں ہورہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ ادو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں دونوں صورتوں میں مکمل طور پر نااہل ہیں، عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملکی معیشت اور ادارے گروی رکھ دیے تھے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے تابع کر دیا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس جیسے ادارے ہمیں بلیک میل کر رہے ہیں، ملک کی معیشت پر دباؤ ہے اور عمران خان کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ثابت ہو رہے ہیں، عالمی طاقتیں ان کے لیے ریلیف حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہم مہنگائی اور عام آدمی کی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں اور گزشتہ حکومت کی جانب سے چھوڑی گئی گندگی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک بار ملک ان کے حوالے کیا گیا لیکن اب یہ خطرہ دوبارہ کبھی نہیں اٹھایا جا سکتا۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری پر عمران خان کو مداخلت نہیں کرنے دیں گے،آرمی چیف کی تقرری آئین کے مطابق ہو گی، یہ ابن غلام خود ہے یہ قوم کو کیا آزادی دلائے گا ہم قوم کو اس سے آزادی دلائیں گے، تم لاکھ چیخو جو ہو گا آئین کے مطابق ہو گا اور فیصلہ وزیر اعظم کریں گے، عمران خان آزادی کے لفظ سے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، آرمی چیف کی تقرری پر عمران خان کو مداخلت نہیں کرنے دیں گے،جبکہ آرمی چیف کی تقرری وزیر اعظم کا حق ہے وہی فیصلہ کریں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان اور اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے، یہ سب کو چور چور کہتا ہے اور خود بین الاقومی چور ثابت ہوا،یہ امپورٹڈ چور ہے اسکا محاسبہ ہونا چاہیے، عمران خان کس بات کی آزادی مانگ رہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کی حقیقت سامنے آ رہی ہے۔

کوٹ ادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں