چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے جہانگیر ترین کی ملاقات، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب پر بات چیت

چودھری پرویزالٰہی نے بہترین حکومت اور مثالی کام کیے، جہانگیر ترین اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کو مکمل کریں گے،پرویز الٰہی

اتوار 12 اگست 2018 19:30

لاہور۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی اور چودھری ظہیرالدین نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،ملاقات میں نومنتخب ایم این اے طارق بشیر چیمہ، میاں عمران مسعود اور سلیم بریار بھی موجود تھے۔

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخابات اور آئندہ درپیش چیلنجز پر بات چیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں بہترین حکومت اور مثالی کام کئے، اب ہم نے تمام منصوبوں اور شعبوں میں بہتری لانی ہے، صوبہ میں 56 کمپنیاں بنائی گئیں جن کے کیس آج نیب میں چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کے نام کی تختی والے منصوبوں کو بند کیا گیاجبکہ 2002ء سے 2007ء تک جو کام پرویزالٰہی نے کیے آج تک نہیں ہوئے، پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لائیں گے اور ہر ادارے کا آڈٹ کروائیں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں آئندہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باالخصوص لوکل باڈیز کے حوالے سے بات چیت ہوئی کہ نیا بلدیاتی نظام متعاروف کروایا جائے گا۔ جہانگیر ترین، طارق بشیر چیمہ اور ہم خود 1983ء سے بلدیاتی نظام سے منسلک ہیں، (ن) لیگ کی حکومت نے لوکل باڈیز سسٹم کو بری طرح تباہ کر دیا ہے ہم نئے نظام کے تحت اختیارات اور فنڈز کی تقسیم نچلی سطح پر لائیں گے، صوبے میں شیخ چلی جیسے منصوبے بنائے گئے اور مالی طور پر صوبہ کو برباد کر دیا گیا، ہسپتالوں، ایجوکیشن ہر سطح پر تباہی مچائی، ہماری نیت، سوچ اور ارادے ٹھیک ہیں، حالات اب بہتر ہوں گے، سپیکر شپ حاصل ہونے کے بعد میرا ٹارگٹ صوبے، ملک اور عام آدمی کے مفاد کیلئے کام کرنا ہو گا، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا کام 75 فیصد مکمل ہو چکا تھا اسے مکمل کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں