وزیر اعلیٰ ہی نہیں پوری حکومت ہی کٹھ پتلی ہے ،ڈویں کہیں اور سے ہل رہی ہیں ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بلند کرینگے‘رانا مشہود احمد

عمران خان نے نئے پاکستان کا حلف لیا مگر کابینہ میں وہ لوگ منتخب کیے جو مشرف کے ساتھ رہے‘پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہی نہیں بلکہ پوری حکومت ہی کٹھ پتلی ہے انکی ڈویں کہیں اور سے ہل رہی ہیں ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بلند کریں گے، عمران خان نے نئے پاکستان کا حلف لیا مگر کابینہ میں وہ لوگ منتخب کیے جو مشرف کے ساتھ رہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسے ڈاکو کہاگیا اسے عمران خان نے سپیکر بنا دیا اور ڈکیت کو وزیر اعلیٰ بنادیاگیا،ہم لیٹروں کے ذریعے ملک کو لٹنے نہیں دیں گے ،ان کے خلاف آواز اسمبلی کے اندر اور باہر آواز ااٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جتنی تیزی نوازشریف کے خلاف کیس میں جج بٹھا کر فیصلہ کروانے میں دکھائی گئی کیا وجہ ہے کہ انکی اپیل نہیں سنی جا رہی،پاکستان کے لوگوں کے ذہنوں میں کنفیوژن پیدا کی جارہی ہے قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نوازشریف کو جیل میں ڈال کر (ن) لیگ کے ہاتھ پائوں باندھ کر الیکشن لڑوایا گیا،فارم 45اور دوبارہ گنتی ہمارا حق ہے جب ہماری 67پٹیشن چلیں گی تو چوری شدہ مینڈیٹ نہیں چلے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد نے کہا کہ بھارت کو گالیاں اور مودی کے یار کہنے والے سدھو کے ساتھ ایسے فخر سے باتیں کررہے تھے جیسے وہ بہت بڑا لیڈر ہے،وزیر اعلی ہی نہیں پوری حکومت ہی کٹھ پتلی ہے انکی ڈویں کہیں اور سے ہل رہی ہیں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے لوٹے اور کرپٹ لوگ نہیں لیں گے لیکن تھوک کر چاٹا ہے،ہمیں چھانگا مانگا کی سیاست کا طعنہ دیتے رہے اور خود جہازوں پر بھیڑ بکریوں کی طرح وفاداری بدلی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں