وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ کے باوجود کرتار پور سرحد کھولنے کے لیے تیار ہیں

پاکستان بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں شاید وہاں پاکستان مخالف نعرے زیادہ بکتے ہیں تاہم پاکستان میں بھارت مخالف نعرے نہیں بکتے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بھارتی ٹی وی کو انٹرویو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 23 ستمبر 2018 14:12

وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ کے باوجود کرتار پور سرحد کھولنے کے لیے تیار ہیں
لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23ستمبر 2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی سیٹ بیک ہے مگر اس کے باوجود کرتار پور سرحد کھولنے کے لیے تیار ہیں۔بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن ملاقات کی منسوخی بدقسمتی ہے تاہم اب مستقبل کے لائحہ عمل خود بھارت نے ہی تیار کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کے لیے تیار ہے ہیں، مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیاں حقیقی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملات سے نمٹنے کے کئی طریقے ہیں، ایک آپشن ہے کہ دونوں ممالک جنگ کی طرف جائیں جو بے وقوفی ہوگی، دوسرا طریقہ یہ کہ دونوں ملک اندروںی طور پر ایک دوسرے کو کمزور کریں اور تیسرا طریقہ تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت سے نکالنےکا ہے۔

(جاری ہے)

ہم تمام معاملات پر بحث کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے گزشتہ 7 دہائیوں میں 3 جنگیں لڑیں تاہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کرسکتے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں شاید وہاں پاکستان مخالف نعرے زیادہ بکتے ہیں تاہم پاکستان میں بھارت مخالف نعرے نہیں بکتے۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت اور امن کی خواہش کے باوجودبھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے پاکستان کو گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہی کررہا ہے جو کرتا آیا ہے، پاکستان کو درد محسوس کرانےکا وقت آگیا۔بھارتی جنرل راوت نے مزید اقدامات کرنے کی بڑھک بھی ماردی اور کہا کہ ہم اپنی اگلی کارروائی کی تفصیلات بتا نہیں سکتے، بھارتی فوج کی کارروائی میں ہمیشہ سرپرائزہوتا ہے۔ بھارتی آرمی چیف کی ان دھمکیوں پر پاک فوج کے ترجمان جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم جنگ کیلئے تیار ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں