متحدہ مجلس عمل کاضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کی حمایت کا اعلان

حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے ملک پر مسلط کی گئی‘ پیر اعجاز ہاشمی ملک میں نیم مارشل لاء نافذ ہے، شاہ اویس ، یہ ملک کی پہلی حکومت ہے جو اپوزیشن کے گلے پڑ رہی ہے‘ خواجہ سعدرفیق

بدھ 10 اکتوبر 2018 18:34

متحدہ مجلس عمل کاضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کی حمایت کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) متحدہ مجلس عمل نے 14 اکتوبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان حلقہ 131 سے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی کی رہائش گاہ پر متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔

جس میں شاہ اویس نورانی، چودھری یعقوب،پیر محفوظ مشہدی، مولانا سردار محمد خان لغاری،ڈاکٹر جاوید اختر،بیرسٹر اویس رضا ہاشمی، مولانا راغب نعیمی، رانا رحمت علی،مولانا علی محمد تراب، شفیق پسروری، مولانا اشرف گجر، بلال میراور دیگر شامل تھے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے اعلان کیا کہ ایم ایم اے کی پانچوں جماعتیں جمعیت علما پاکستان، جماعت اسلامی،جمعیت علما اسلام ، اسلامی تحریک اور مرکزی جمعیت اہل حدیث مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی نظریاتی بنیادوں پر حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم جمہوریت اور سول بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، بلکہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے ملک پر مسلط کی گئی۔ جس نے آتے ہی مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے اور لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔شاہ اویس نورانی نے کہا کہ ملک کسی غیر جمہوری نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا، عملی طور پر نیم مارشل لائ نافذکردیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ایم ایم اے کی جماعتوں کا مسلم لیگ ن کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی پہلی حکومت ہے جو اپوزیشن کے گلے پڑ رہی ہے۔ عمران خان کا لب ولہجہ وزیراعظم جیسا نہیں لگتا۔ملک اسلام کا گہوارہ بنے گا، غربت اورفرقہ واریت کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں