حکومت سابق حکمرانوں کے حواری کرپٹ بیورو کریٹس فارغ کر دے‘خرم نواز گنڈا پور

موجودہ حکمران ہر قسم کی بلیک میلنگ کو مسترد کر دیں اور ان پر تگڑا ہاتھ ڈالیں،قوم اور اللہ کی مدد ساتھ ہو گی‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:08

حکومت سابق حکمرانوں کے حواری کرپٹ بیورو کریٹس فارغ کر دے‘خرم نواز گنڈا پور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ کرپشن کے ’’راجہ گدھ‘‘ حکومت کو نان ایشوز میں الجھا کر سانحہ ماڈل ٹائون کیس اور احتساب سے بچنے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں، حکومت کسی بلیک میلنگ میں نہ آئے سرکار سے تنخواہ لے کر جاتی امراء کے کرپٹ ٹولے کی نوکری کرنیوالوں کو اٹھا کر جاتی امراء میں پھینک دے ،ہر محکمے میں ایک سے ایک بڑھ کر ایماندار افسر موجود ہے ،یہ افسر کرپٹ برادران کے عتاب کا شکار رہا،حکومت انکے سر پر ہاتھ رکھے۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ شہباز شریف نے 2008میں وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے سے قبل درجنوں محکموں کے 28ہزار افسروں اور انکے ماتحتوں کے تبادلے کئے،ہر محکمے میں ہر اہم افسر کا ماڈل ٹائون ایچ بلاک میں بلا کر انٹرویو کیا گیا پھر انہیں تعیناتی ملی ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکمران گزشتہ دس سال کھڈے لائن لگے ہوئے ایماندار افسروں کو آگے لائیں اور بے ایمانوں اور سابق حکمرانوں کے پروردہ بیوروکریٹس سے نجات حاصل کریں ۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ شریف حکومت نے پانچ سال بلا شرکت غیرے ملک چلایا ،مرضی کی پالیسیاں بنائیں اس کے باوجود حکومت کے آخری سال ڈالر 95 روپے سے بڑھ کر 124روپے کا ہو گیا تھا ،نواز شریف کا سمدھی مفرور اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کو تباہ و برباد کر کے گیاآج اسکے منفی اثرات برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ،اینکر پرسن اور کالم نویس قوم کو تصویر کا اصل رُخ بھی دکھائیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال ملک میں لوٹ مار کے ریکارڈ بنے،سانحہ ماڈل ٹائون جیسے واقعات نے پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو تباہ و برباد کیا ،وہی قاتل ٹولہ آج تنقید کر رہا ہے،ان قاتلوںا ور لٹیروں کا ٹھکانہ جیل ہے۔انہوں نے کہاکہ شریف برادران،انکے حواری اور ان کیلئے قتل و غارت گری میں حصہ لینے والے بیوروکریٹس سانحہ ماڈل ٹائون کے کیس کے فیصلے سے خوفزدہ ہیں،یہ مافیا ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتا ہے ۔موجودہ حکمران ہر قسم کی بلیک میلنگ کو مسترد کر دیں اور ان پر تگڑا ہاتھ ڈالیں۔قوم اور اللہ کی مدد ساتھ ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں