عمران خان ضمنی انتخابات میں پارٹی کا گراف نیچے گرنے پر پریشان

سربراہ تحریک انصاف عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کو شکست کے اسباب کا جائزہ لینے کی ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 اکتوبر 2018 16:30

عمران خان ضمنی انتخابات میں  پارٹی کا گراف نیچے گرنے پر پریشان
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اکتوبر 2018ء) ضمنی انتخابات میں غیر متوقع نتائج کے بعد تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پریشان ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان ضمنی انتخابات میں پارٹی کا گراف نیچے گرنے پر پریشانی کا شکار ہو گئے۔عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران جیتی ہوئی نشستوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو شکست کے اسباب کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان نے سینئیر رہنماؤں کا اجلاس بھی آج شام کو طلب کر لیا ہے۔اجلاس کے دوران جیتی ہوئی نشستوں پر شکست کے اسباب کا جائزہ لیا جائے گا۔ خیال رہے ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔

این اے 60راولپنڈی میں شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ ن لیگ کے امیدوار کے مدمقابل تھے اور کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھاسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں