مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم، عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑں گا‘عثمان بزدار

عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائوں گا ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا ‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 18:57

مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم، عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑں گا‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو از سرنو تشکیل دے کر فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹیوں میں سول سوسائٹی کے نمائندے اور منتخب نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں یا منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھیجی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائوں گا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا اور مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔پرائس کنٹرول کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی مانیٹر ہوگی اور اچھی کارکردگی پر شاباش ملے گی اور ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے بھی پرائس کنٹرول کیلئے فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ میرا رشتہ صوبے کے عوام کے ساتھ ہے اور میں عوام کو کسی بھی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑوں گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریٹ لسٹ دکانوں پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائے اورمصنوعی مہنگائی کے نام پر عوام کو لوٹنے والو ںکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ صوبائی وزیر خزانہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز خوراک، صنعت، لائیوسٹاک،زراعت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں