پاک سعودی عرب سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا آج باضابطہ اعلان ہوگا

سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا دفتر وزارت خارجہ میں ہوگا، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے، پاک سعودی عرب میں مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری قائم ہوگی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 فروری 2019 19:29

پاک سعودی عرب سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا آج باضابطہ اعلان ہوگا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا باضابطہ اعلان کریں گے، سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا دفتر وزارت خارجہ میں ہوگا، پاک سعودی عرب میں مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری قائم ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دورمیں تعلقات سرد مہری کا شکار ہوئے۔

وزیر اعظم کے یکے بعد دیگرے 2 دوروں سے تعلقات بحال ہوئے۔ جس کے نتیجے میں آج 15 سال بعد اس سطح کا وفد پاکستان آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا کریڈٹ ہے کہ پاک سعودی عرب تعلقات کی اہمیت کو مدنظررکھتے ہوئے ان تعلقات کو دوبارہ استوارکرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نے نئی نوعیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم ہاؤس میں پہلی نشست ہوگی جس میں سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد کے دورے سے دونوں میں ممالک میں سیاسی تعلقات کےعلاوہ ایک مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری قائم ہوگی۔ سرمایہ کاری اورایم او یوز سے دونوں ملک ایک نئے دورمیں داخل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے سعودی عرب نے ویزا فیس کم کی۔ اس سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔ پاکستان نے بھی اپنے ویزوں کو آسان بنایا۔

سعودی شہری پاکستان آئیں گے توانہیں آمد پر ویزا مل جائے گا۔ ویزہ نرمی سے سے کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہونے سےمعاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نورخان ایئربیس پر وزیرمملکت برائےامورخارجہ عادل الجبیرکا استقبال کیا۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد کا طیارہ بھی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔ سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا توایف 16اور جے ایف 17تھنڈرلڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کواپنے حصار میں لیا، اور سعودی ولی عہد کے طیارے کو بحفاظت پروٹوکول کے ساتھ نورخان ایئربیس تک پہنچایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں