عمران خان قوم کوحقائق بتائیں کہ اسد عمر کو اچانک کیوں نکالنا پڑا

قوم کوبتایا جائے کہ ایسا کیا ہوگیا تھا کہ اسد عمرکو بجٹ تک چار پانچ ہفتے بھی برداشت نہیں کیا گیا،اسد عمر کو فارغ کرتے وقت آئی ایم ایف مذاکرات ، ایف اے ٹی ایف ، اور بجٹ کا بھی خیال نہیں کیا؟سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے بھائی اورسابق گورنرسندھ محمد زبیر کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 اپریل 2019 21:15

عمران خان قوم کوحقائق بتائیں کہ اسد عمر کو اچانک کیوں نکالنا پڑا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل 2019ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہعمران خان قوم کوحقائق بتائیں کہ اسد عمر کو اچانک کیوں نکالنا پڑا،قوم کوبتایا جائے کہ ایسا کیا ہوگیا تھا کہ اسد عمرکو بجٹ تک چار پانچ ہفتے بھی برداشت نہیں کیا گیا،اسد عمر کو فارغ کرتے وقت آئی ایم ایف مذاکرات ، ایف اے ٹی ایف ، اور بجٹ کا بھی خیال نہیں کیا؟ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں یاد دلاؤں کہ عمران خان کی جانب سے سن سن کرہمارے کان پک گئے کہ کس طرح پیپلزپارٹی کے دور میں جب حفیظ شیخ ہوتے تھے پاکستان کی معیشت کو تباہ وبرباد کیا گیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ اس کے بعد شوکت ترین سال یا ڈیڑھ سال رہے، شوکت ترین 5رکنی ایڈوائززی اکنامک بورڈ میں شامل کیا گیا ہے، اس میں جہانگیرترین بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین 2008ء میں فنانس منسٹر تھے ۔ انہوں نے ہی آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ لہذا تحریک انصاف اور عمران خان کو اپنے بیانیہ میں سے اب پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ دور کو نکالنا پڑے گا کیونکہ دونوں سابق وزیرخزانہ اب عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ اسد عمر کا تعلق جو آئی ایم ایف سے ہے وہ یہ کہ اسد عمر اور عمران خان دونوں ہی آئی ایم ایف کو اچھا نہیں سمجھتے تھے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان نے اسد عمر کو فورس کیا یا پھر اسد عمر نے عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کا مشورہ دیا؟جبکہ اسد عمر کا یہی مئوقف تھا کہ آئی ایم ایف کوئی اچھی چیز نہیں ہے۔آئی ایم ایف کا مطلب ہی تباہ و بربادی ہے۔

کہاجاتا ہے کہ اسد عمر نے آئی ایم ایف کے پاس جانے میں تاخیر کی تواس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اسد عمر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہتے تھے۔محمد زبیرنے کہا کہ اس سے بڑی بربادی اور کیا ہوگی؟ کہ اسد عمر جو پی ٹی آئی کے بہت قابل آدمی ہے لیکن ٹائمنگ دیکھی جائے تو کیا ہوگیا؟ اب آپ ان کو بجٹ تک چار یا پانچ ہفتے برداشت کرنے کو بھی تیار نہیں؟وزیراعظم عمران خان کو قوم کو بتانا ہوگا کہ ایسی کیا وجہ تھی کہ ایک رات آپ نے فیصلہ اور صبح اسد عمر کو فارغ کردیا، آپ نے اسد عمر کو فارغ کرتے وقت آئی ایم ایف مذاکرات ، ایف اے ٹی ایف ، اور بجٹ کسی کا خیال نہیں کیا؟

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں