عمران خان کی ٹیم متحد اور یکسو ہے، ٹیم سپرٹ کے جذبے سے ہر بحران کو شکست سے دوچار کریں گے‘ صمصام بخاری

وزیراعلیٰ پر جس طرح ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا اس سے اپوزیشن کی چہ میگوئیاں اور پراپیگنڈہ دم توڑ گیا ‘ وزیر اطلاعات و ثقافت

منگل 23 اپریل 2019 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹیم متحد اور یکسو ہے، جس کے ارکان اپنے کپتان کی قیادت میں ٹیم سپرٹ کے جذبے سے ہر بحران کو شکست سے دوچار کریں گے۔ کسی بھی جمہوری جماعت میں طریقہ کار پر چھوٹاموٹا اختلاف جمہوریت کا حسن کہلاتا ہے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب پر جس طرح ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس سے اپوزیشن کی چہ میگوئیاں اور پراپیگنڈہ دم توڑ گیا ہے، عمران خان اور عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے کو ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے لے جائیں گے۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس عمران خان کے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

قوم نے ماضی میں جن حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں پر اعتماد کیا انہوں نے سوائے کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے کچھ نہ کیا۔ ماضی کے حکمران ملک کو آگے لے جانے کی بجائے خطے کے دیگر ملکوں سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے لے گئے۔

آج قوم انہی نام نہاد لیڈروں کا کیا دھرا بھگت رہی ہے اور معاشی بحران کا شکار ہے۔ سیدصمصام بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اب ہمیشہ کے لئے اقتدار کو بھول جائیں کیونکہ عوام نے ان پارٹیوں اور ان کی کرپٹ قیادت کو دل سے اتار دیا ہے۔ ان پارٹیوںکے اچھے اور معقول لوگ پارٹیاں چھوڑ کر کب کے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بحیثیت وزیراعظم اپنی کابینہ میں ردوبدل کا پورا اختیار رکھتے ہیں تاہم اپوزیشن میں شامل کرپٹ مافیا یہ بات ذہن میں بٹھا لے کہ عمران کی کابینہ میں چاہے کوئی بھی وزیرآئے یا جائے، کرپٹ مافیا کے خلاف اقدامات کسی صورت نہیں رکیں گے۔

کیونکہ عوام نے پی ٹی آئی کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کی امید ہیں اور اپوزیشن کی پھونکوں سے یہ چراغ بجھ نہیں سکتا۔ اپوزیشن ملک میں افواہ ساز فیکٹریاں چلا رہی ہے۔ لیکن کرپٹ عناصر کی شکست اور ملک و قوم کی ترقی بالاخر ہمارے عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔سیدصمصام بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 9ماہ کی مختصرمدت میں 22قوانین کے بل منظور کر کے ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی ٹھوس بنیاد مہیا کی ہے۔ آنے والے دنوں میں نئے بلدیاتی نظام کی خوبیوں اور فوائد سے عوام مستفید ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں