چوہدری برادران کی جانب سے مولانا کے دھرنے کی پشت پناہی کا انکشاف

گجرات کے چوہدریوں نے مولانا فضل الرحمن کا دھرنا سپونسر کیا تھا، فنڈنگ بھی کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 جنوری 2020 13:24

چوہدری برادران کی جانب سے مولانا کے دھرنے کی پشت پناہی کا انکشاف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جنوری 2020ء) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے دئیے گئے دھرنے کی چوہدری برادران کی جانب سے پشت پناہی کا انکشاف ہوا ہے۔جیوز نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اندرونی ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے دئیے گئے دھرنے میں ایک موقع پر انکشاف کیا کہ گجرات کے چوہدریوں نے یہ دھرنا سپونسر کیا تھا اور اس کی فنڈنگ بھی کی۔

تاہم ایک اور طاقتور رہنما نے اس کی تردید کی اور کہا یہ معلومات غلط ہیں جو کچھ ملاقات میں ہوا وہ پرویزالہی نے بھی بتایا اور اس پر پریشانی کا اظہار کیا۔ایک موقع پر اثر و رسوخ رکھنے والے رہنما نے ملاقات میں پروز الہیٰ پر زور دیا کہ فضل الرحمن کی موجودگی میں صحافیوں سے گفتگو نہ کریں کیونکہ فضل الرحمن کو میڈیا کی غیر ضروری توجہ مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہیں بتایا کہ کسی بھی حالت میں دھرنے کو بہت زیادہ کوریج ملے گی کیونکہ یہ واقعی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی جانب سے رپورٹنگ کے قابل ہے،ان سب باتوں کے بعد ان کی واپسی پراسپیکر نے اپنے ساتھیوں کو ملاقات میں ہونے والی باتوں کے بارے میں بتایا۔ان کے پارٹی لیڈروں کی جانب سے بتایا گیا کہ فضل الرحمن کو کوریج کا معاملہ نہیں بلکہ اثررسوخ رکھنے والے رہنما پرویز الہیٰ کی عوامی شہرت حاصل کرنے کا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2019میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ اور دھرنا ہم نے کیا، ہم ابھی تک احتجاج میں ہیں، ملک بھر میں کارکنان کو مسافروں، ایمبولنسوں کو راستہ دینے کا کہا ہے، ، احتجاج ہمارا حق ہے، خواہش ہے کہ ملک جمہوری طور پر آگے بڑھے، مسلم لیگ (ق) کے رہنما و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ثابت ہو گیا کہ اسمبلی کے اندر اور باہر وہ واحد اپوزیشن لیڈر ہیں، مولانا کی قیادت کو مان گئے ہیں، مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے عہدے کے مطابق بڑا دل رکھ کر نوازشریف کو بغیر کسی شرط کے بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنا چاہئے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آزادی مارچ کے دوران بھی چوہدری برادران ہم سے ملاقاتیں کرتے رہے، وہ آج بھی نیک نیتی ملنے آئے، ان کے جذبات کی دل سے قدر کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں پرامن مارچ اور دھرنا دیا، یہ پہلا موقع تھا کہ ملک بھر سے ہمارے کارکنان جمع ہوئے، سیاست میں نئی روایت کی بنیاد ڈالی ہے۔ موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے دھرنے اور مارچ کے دوران پہلا موقع تھا کہ مولوی اور پولیس ایک ساتھ تھے اور لڑائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ الله کا شکر ہے کہ مارچ اور دھرنے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، آج یہاں مولانا کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں