تحریک انصاف کا ن لیگ کے نہلے پہ دہلا

ن لیگ کے50 ارکان رابطے میں ہیں، پی ٹی آئی کے20 ممبران اسمبلی کہیں نہیں جا رہے، البتہ ن لیگ کے ارکان فاروڈ بلاک بنانے کیلئے رابطے میں ہیں۔ وزیراطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 جنوری 2020 20:09

تحریک انصاف کا ن لیگ کے نہلے پہ دہلا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری 2020ء) وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے50 ارکان رابطے میں ہیں، پی ٹی آئی کے20 ممبران اسمبلی کہیں نہیں جارہے، البتہ ن لیگ کے ارکان فاروڈ بلاک بنانے کیلئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں تمام ارکان اسمبلی نے ان کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

جس سے پی ٹی آئی کے20 ممبران اسمبلی کے فارورڈ بلاک کی خبریں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ کے50 سے زائد ارکان پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ولیج کونسل کی سطح پربلدیاتی انتخابات کروانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل کے الیکشن کی تیاری کرکے اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

نچلی سطح پر انتخابات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار مکمل بااختیار وزیراعلیٰ ہیں۔ یہ ایک منفی پروپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدارکے پاس اختیار نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پربھرپوراعتماد ہے۔ پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کرآئے ہیں۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں میں ہم آہنگی اور بہتر گورننس کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نئے ہیں یہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے طور پر کام کرینگے۔ خیبرپختونخواہ میں عوام نے صحت، مقامی حکومتوں اور پولیس نظام  پر ہماری پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کوعوام کوحقائق بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو کیسے معاشی طورپرتباہ کیا۔

ملک میں مہنگائی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ 2019ء معیشت کوسنبھالنے اور استحکام کا سال تھا، اور اب 2020ء انشاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔ مزید برآں پنجاب میں ناراض ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی صورت دباؤ میں نہیں آئینگے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے، پنجاب میں پہلی دفعہ جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے۔ ترقی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں