مریم نواز کیخلاف ایسی زبان سے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی تربیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

کے پی کے کو ایسے وزیر اعلیٰ ملے جن کا حلیہ غنڈوں جیسا ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کے کو گفتگو کرنے کا طریقہ بھی نہیں آتا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ڈکشنری میں ’’نہیں ہو سکتا‘‘کا لفظ نہیں،وزیر اطلاعات پنجاب کا میٹ دی پریس سے خطاب کانفرنس

اتوار 28 اپریل 2024 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں ’’نہیں ہو سکتا‘‘کا لفظ نہیں ہے ،مریم نواز کے خلاف ایسی زبان سے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی تربیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔نیشنل پریس کلب راولپنڈی میں ’’میٹ دی پریس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے اپنے کہا کہ کے پی کے کو ایسے وزیرِ اعلیٰ ملے جن کا حلیہ غنڈوں جیسا ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کے کو گفتگو کرنے کا طریقہ بھی نہیں آتا، اُنہوں نے حال ہی میں گٹھیا گفتگو کی۔

اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز کیا پہن رہی ہیں، اس پر تنقید کی گئی، ان کی زبان درازی میں تبدیلی نہیں آ رہی، ان کی تبدیلی گندے کلچر کے ساتھ چل رہی ہے، یہ نہیں چلے گا، ہم ملک کی معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سیاست کا آغاز کرنیکے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ میری قیادت کا اعتماد ہے کہ اتنی بڑی ذمے داری مجھے دی ہے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ میڈیا کو جتنی سہولتیں دے سکیں وہ دیں۔اُنہوں نے کہا کہ میں کبھی کسی کو کوئی خبر روکنے کا نہیں کہوں گی، صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، ن لیگ کے سوا تمام حکومتوں نے میڈیا سے متعلق پروجیکٹس بند کیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری جماعت اور حکومت میڈیا فرینڈلی ہے، میڈیا ٹاون فیز 2 پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، صحافیوں کے لیے نیا ہاو?سنگ فیز لا رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس جون تک پنجاب میں کام شروع کر دے گی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک دن میں چھ آٹھ میٹنگز ہوتی ہیں اور وہ 18 18 گھنٹے کام کرتی ہیں، اس وقت ملک میں مختلف گورنمنٹس ہیں جس سے مسابقت پیدا ہوتی ہے، پورے پاکستان میں صرف پنجاب کی حکومت آپ کو کام کرتی نظر آئے گی۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مریم نواز حکومت کا کوئی پروجیکٹ فائل میں نہیں، سب پر کام ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ کارڈیک اسپتال پر تیزی سے کام ہورہا ہے، دستک پروگرام کے تحت حکومت دستاویزات کی فراہمی کی تمام سہولتیں گھر پر فراہم کرے گی، وائی فائی کو بحال کرنے کا وزیرِ اعلیٰ نے حکم دے دیا ہے، مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں ہو رہا تو بدتمیزی شروع کر دی گئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرگودھا میں دل کے امراض کے اسپتال پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، نواز شریف آئی ٹی پارک شروع کرنے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے پاس مقابلہ کرنے کو کچھ نہیں ہے، میں چیلنج کر رہی ہوں، ایک پروجیکٹ بتائیں جو پنجاب جیسا ہو، یہ تبدیلی لانے آئے تھے ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کے پی کے کا بھی حق ہے کہ اُنہیں ایئر ایمبولینس ملے، کے پی کے لوگ بہت تکلیف میں ہیں، وہاں تھوڑا سا ٹائم نکال لیں۔اُنہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں بیٹھ کر ایک موصوف کہتے ہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، 9 مئی جیسا خوفناک دن کسی کے لیے نہیں ہو گا، ہم دوبارہ 9 مئی برداشت نہیں کر سکتے، یہ لوگ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کی ترقی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان سے آئی ایم ایف کے دفتر کے نیچے بیٹھ کر نعرے لگوا لیں جب پاکستان کا کچھ بھلا ہونے لگتا ہے یہ اس پر رخنہ ڈالنا شروع کر دیتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میری گزارش ہے آپ مقابلہ ضرور کریں لیکن اپنے کام پر، کسی سیاسی جماعت کے احتجاج میں آج تک انٹرنیٹ بند نہیں ہوا۔اُنہوں نے عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پہنچی وہیں پر خاک جہاں کا خمیر تھا، اس شعر میں شاعر این آر او مانگنا چاہتا جو اسے نہیں ملنا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 39 سو روپے گندم کا ریٹ مقرر کیا گیا ہے، تمام تنظیموں کے ساتھ آن بورڈ ہیں، 1 ارب روپے کسانوں کے لیے پیکیج کا اعلان جلد متوقع ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ جلد ایسے آلات بھی لے کر آ رہے ہیں جو شاید ابھی تک بھارت میں ہی استعمال ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ 3 بڑے مراکز بنا رہے ہیں جہاں کسانوں کے لیے سہولت پر بیج دستیاب ہوگا، اگلی فصل تک کسان مضبوط ہو جائے گا، ڈمپنگ سائٹس پر ہم مختلف پروجیکٹس لانچ کر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں