ملک بھر کی کاروباری برادری کا حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار‘

کسی بھی غیر ملکی جارحیت اور بیرونی خطرے کے خلاف متحد ہیں، چیف ایگزیکٹو

منگل 25 ستمبر 2018 13:25

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ملک بھر کی کاروباری برادری حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی غیر ملکی جارحیت اور بیرونی خطرے کے خلاف متحد ہے۔ منگل کو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور بڑے فرنیچر مینوفیکچررز کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے ساتھ ہر ممکن حد تک تعاون کیلئے حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بہت بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے اور دفاع وطن کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ افواج پاکستان نے فاٹا اور بلوچستان سمیت ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کا حامی ہے اور اس کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مل کر غربت، سیاہ دھن، بدعنوانی اور دیگر خطرات کے خلاف جنگ کرنے کی ضرورت ہے، اقتصادی رابطے بڑھانے سے ہی پڑوسی ریاستوں کے مابین اختلافات کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کو سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دے رہا ہے اور اس سرمایہ کاری سے اس منصوبے کی اہمیت میں اضافہ ہو گا اور اقتصادی خوشحالی اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ اب کوئی ملک تنہا طاقتور نہیں ہوسکتا بلکہ خطے کے سب ممالک کو ملکر معاشی روابط اور انضمام کے فوائد کو سمیٹنا ہوگا اس لئے پاکستان، افغانستان اور بھارت کو منفی تعلقات کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں دشمنیاں بڑھانے کیبجائے بڑھتی ہوئی غربت کے خلاف جنگ کرنا ہوگی اور یہی سب کے مفاد میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں