اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنیوالے حکومتی اراکین کیخلاف کیوں کارروائی نہیں کی گئی ،واقعہ پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے ‘ملک احمد خان

سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے فاشسٹ طریقے آزمائے جا رہے ہیں، حکومتی وزرا ء فاشسٹ رویہ ترک کریں اپنے رویوں میں شائستگی لائیں حکومت نے بجٹ میں عوام دشمنی کا ثبوت دیا ،چیف جسٹس پنجاب میں آئی جی کی تبدیلی پر از خود نوٹس لیں‘ترجمان (ن) لیگ پنجاب کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 اکتوبر 2018 17:26

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) نے بجٹ اجلاس کے موقع پر پیش آنے والے واقعہ پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن حکومتی اراکین نے ہنگامہ آرائی کی ان کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی گئی ،سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے فاشسٹ طریقے آزمائے جا رہے ہیں، حکومت نے بجٹ میں عوام دشمنی کا ثبوت دیا ،خادم پنجاب رول پروگرام روڈ، صحت اور ترقیاتی بجٹ کو پچاس فیصد کم کر دیاگیاجو افسوسناک ہے،چیف جسٹس پنجاب میں آئی جی کی تبدیلی پر از خود نوٹس لیں۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے میاں طاہر ، سمیع اللہ خان کاشف بڈیا اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بجٹ عوام کی مشکلات میں اضافہ کرے گا ،تصورات پر مبنی حکومت کے پاس عوام کی فلاح و وبہبود کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ۔

(جاری ہے)

خادم پنجاب رول پروگرام روڈ، صحت اور ترقیاتی بجٹ کو پچاس فیصد کم کر دیاگیاجو افسوسناک ہے۔

انفراسٹرکچربھی ترقی کاایک ذریعہ ہے ،اورنج لائن کے فنڈز ایگزم بینک سے قرضہ لیاگیایہ معیشت پر بوجھ نہیں ہے۔پشاور میں ایگزم بینک نے منصوبے لگائے کیا پنجاب میں نہیں لگا سکتا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے مخالفین کو دبانے کی کوشش نظر آ رہی ہے ،شہبازشریف کو ایسے کیس میں گرفتار کیاگیاجو بے بنیاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی ایوان کے کسٹوڈین ہیں انہیں برابری برتنی چاہیے ۔

بجٹ سے قبل پوائنٹ آف آرڈر پر ہمیں فلور نہیں دیاگیا ،کیا ہم کوئی سپیکر کی کرسی پر حملہ کرنے جارہے تھے ،پنجاب اسمبلی کے ایوان میں احتجاج ضرور کیا گیا مگر سرکاری تصویر جھوٹ کا پلندہ ہے،ایوان کی جاری تصویر بعد میں مینج کرکے بنا ئی گئی،پہلی تصویر میں صرف ایوان میں کاغذ بکھرے پڑے ہیں ۔جھگڑے میں اضافہ حکومتی ارکان کے آگے آنے کی وجہ سے ہوا،کسی صورت اظہار رائے پر قدغن نہیں لگنے دیں گے،اظہار رائے پر قدغن لگانے اور بنیادی حق چھیننے سے جمہوریت نہیں چلتی ۔

حکومت اپنے لوگوں کے لہجہ درست کرے اگر اپوزیشن کا جرم ہے تو حکومتی لوگوں پر سزا لاگو ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی قسم کے احتجاج میں پرتشدد احتجاج کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت کو بھی رویہ بہتر کرنا ہوگا،حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیہ ہیں ، اگر اپوزیشن کے ارکان کو روکا جا رہا ہے تو تصاویر میں نظر آنے والے حکومتی ارکان پر بھی پابندی لگائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کے دو سینیٹرز کی نا اہلی کی گئی گورنر چودھری سرورکو بھی نااہل ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے بتارہے ہیں کہ شہباز شریف گرفتار ہوگا،اس کا مطلب ہے سارے معاملے میں حکومت نیب کی پشت پناہی کررہی ہے،شہبازشریف کو بے گناہ پکڑا گیا ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں ہر معاملے پر صوبائی وزیر اطلاعات دوسروں کے اختیارات استعمال کرتے ہیں لیکن کوئی انہیں پوچھتا تک نہیں۔حکومتی وزرا ء فاشسٹ رویہ ترک کریں اور اپنے رویوں میں شائستگی لائیں۔ انہوںنے کہا کہ اسحاق ڈار کی پالیسیوں سے مہنگائی اور ڈالر کنٹرول میں تھا آج حکومت سے دونوں نہیں سنبھل رہے۔حکومت سیاسی درجہ حرارت خود بڑھا رہی ہے ،حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ اس حمام میں سب ننگے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں