پنجاب حکومت کوبتائی گئی مدت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے تیار ہے ‘راجہ بشارت

پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون نچلی سطح پر اختیارات وفنڈزکی منتقلی سے حقیقی تبدیلی لائے گا ‘صوبائی وزیر قانون

جمعرات 14 نومبر 2019 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور وسوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عدالت عالیہ لاہوراور الیکشن کمیشن آف پاکستان کوبتائی گئی مدت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے تیار ہے جس کے لیے نئی حلقہ بندیوں اورٹرانزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔وہ گذشتہ روزسول سیکٹریٹ میں پنجاب کے دورے پر آئے چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین پر مشتمل وفد کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے اپنے محکموں اور پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پربریفنگ بھی دی۔راجہ بشارت نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں فعال ٹیم کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے تحریک انصاف کی حکومت نے تمام شعبوں میں قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلے سال کے دوران ریکارڈ قانون سازی کرتے ہوئے 18 بل پاس کیے جبکہ اہم نوعیت کے 23 بل منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون نچلی سطح پر اختیارات وفنڈزکی منتقلی سے حقیقی تبدیلی لائے گا کیونکہ نیبر ہڈ کونسل اور پنچایت کے ذریعے ہر محلہ اور گاں کی سطح پر بلدیاتی ادارے قائم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں میئرمکمل خود مختاراورتمام ترقیاتی اداروں کو کنٹرول کر سکے گا۔انہوں نے پنجاب میں امن عامہ اور انسانی حقوق کے تحفظ کی صورتحال تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کی بحالی کے لیے ہر ضلع میں ویمن پروٹیکشن سنٹر قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے سپیشل افراد اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں