دنیاکو کورونا کی ہلاکتوں اور لاک ڈائون سے بچنے کیلئے مظلوم کشمیریوں کالاک ڈائون ختم کروانا ہو گا ،قاری زوار بہادر

جمعرات 26 مارچ 2020 23:55

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہاہے کہ دنیاکو کورونا کی ہلاکتوں اور لاک ڈائون سے بچنے کے لیے مظلوم کشمیریوں کالاک ڈائون ختم کروانا ہو گا۔اگرمظلوم کشمیریوںکو آزادی دلوادی جائے تو اللہ رب العزت کی بارگاہ سے امید ہے کہ پوری دنیا سے یہ عذاب ختم ہو سکتا ہے‘ اقوام عالم مظلوم کشمیری عوام کو گزشتہ تقریباً8 ماہ سے جاری لاک ڈائون ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مودی نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں ، بوڑھوں ، خواتین اور عوام الناس کو گھروں میں بند کرکے لاک ڈائون کیا ہوا ہے۔اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی کی وجہ سے وہاں عوام موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری دنیا ایک خطرناک وائرس کا مقابلہ کررہی ہے اور تقریباًدنیا کا بڑا حصہ لاک ڈائون میں ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ ،برطانیہ، فرانس اور یورپ کے بیشتر ممالک لاک ڈائون میں ہیں دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے گزشتہ 8 ماہ سے وادی کشمیر میں لاک ڈائون اور کرفیو لگا رکھا ہے مگر دنیا کے تمام ممالک نے کشمیری عوام کی آزادی اور لاک ڈائون ختم کرنے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

آج دنیا کشمیری عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ کرسکتی ہے۔جب تک ان مظلوم کشمیریوںکا لاک ڈائون ختم نہیں ہوتا دنیا کا یہ امتحان جاری رہے گا۔ نام نہادانسانی حقوق کے علمبرداراورمسلم ممالک نے کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے کوئی کردارادا نہیں کیا اور خاموش تماشائی بنے رہے آج یہی بڑے ممالک بہت بڑی آزمائش میں ہیں۔انہیںجلدکشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں