وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس ڈے پر شادمان مارکیٹ پارک میں پودا لگا کر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

ْدامن صاف ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں، ایک بار نہیں 10 بار بھی نیب بلائے تو جائونگا‘عثمان بزدار

اتوار 9 اگست 2020 23:45

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر آج شادمان مارکیٹ پارک لاہور میں پودا لگا کر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے شادمان مارکیٹ پارک میں انجیر کا پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم کے افتتاح پر ٹائیگر فورس کے جوانوں اور عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں اور صوبہ بھر میں 522 تقریبات میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔ لاہور میں اتوار کے روز 51 مقامات پر ایک لاکھ 60 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کیلئے 154 کنال رقبے پر 62 اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ شادمان مارکیٹ پارک میں پودے لگانے کی جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل بسایا جا رہا ہے۔

جنگل میں 9 ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں جو چند ماہ میں درخت بنیں گے۔ میاوا کی جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے تحت لگائے گئے پودے عام پودے کی نسبت 10 گنا تیزی سے بڑھتے ہیں اور یہ پودے 40 گنا زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربن فاریسٹ وقت کی ضرورت ہے اور ہم اس کو مزید فروغ دیں گے۔

درخت لگا کر نئی نسلوں کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان دیں گے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ درختوں کی دیکھ بھال کریں۔ وزیراعظم عمران خان کے 10ارب سونامی ٹری کا ہدف پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ٹائیگر فورس کے جوان اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں بھی بڑے رقبے پر نیا جنگل بسائیں گے۔عوام، منتخب نمائندے اور نوجوان پودے لگائیں اور ان کی نگہداشت بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت بھی 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس سے ماحول میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف شروع دن سے ہی منظم پراپیگنڈا چل رہا ہے اور اس پراپیگنڈے کا روزانہ جواب بھی دیتے ہیں۔

میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے فرائض قواعد و ضوابط اور قانون کے مطابق سرانجام دیئے ہیں اور دے رہا ہوں۔ حکومت کے تمام امور رولز آف بزنس کے تحت چلتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اور رولز آف پروسیجر پر عملدرآمد کیا ہے۔ میں اس سے قبل بھی سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور ایف آئی اے میں پیش ہو چکا ہوں اور اب نیب میں بھی پیش ہوں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایک بار نہیں 10 بار بھی نیب بلائے تو ہم جائیں گے۔جب ہمارا دامن صاف ہے تو پھر ڈر کیسا۔ کبھی غلط کام کیا ہے نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ پہلے فائل دیکھیں کیا اس میں وزیراعلیٰ آفس کا ذکر ہے۔ جس فائل کی آپ بات کر رہے ہیں، اس میں کہیں وزیراعلیٰ آفس کا تعلق نہیں۔

سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیئے۔ ریکارڈ موجود ہے۔ آپ فائل اور دستاویزات پڑھ لیں سب کچھ واضح ہو جائے گا،روزانہ متعدد فائلیں چلتی ہیں اور ہر فائل وزیراعلیٰ کے پاس نہیں آتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان لاہور کے دورے کے دوران منتخب نمائندوں سے بھی ملے اور وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کے انسداد کورونا کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اوراس ضمن میں انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

بلاشبہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے مسائل بھی ہیں لیکن جہاں ایشوز سامنے آتے ہیں ہم فوری ایکشن لیتے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ بدقسمتی سے کردار کشی کیلئے غلط خبریں چلائی گئیں۔ میری درخواست ہے کہ تعمیری بات کریں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یہ مصرعہ پڑھا ’’ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی‘‘۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الزامات لگانے والے لوگ اپنا کام کرتے رہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔

ہر جگہ جائیں گے اور صوبے کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ سابقہ کسی حکومت کو یہ منصوبہ شروع کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تحریک انصاف کی حکومت نے اس منصوبے پر کام شروع کیا ہے۔

نیا شہر 46 کلومیٹر رقبے پر محیط ہوگا۔ 3 بیراج بنائے جائیں گے۔ نئے شہر کو سنگاپور اور دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا اور اس جدید شہر میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت جھیل بھی بنے کی جس میں 5 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی کی گنجائش ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آبی اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے گرین زون بنائے جائیں گے اور 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

اسلام آباد کے بعد یہ پاکستان کا پہلا منصوبہ بندی سے بسائے جانے والا شہر ہوگا ۔ یہاں اوورسیز پاکستانیوں، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے۔ راوی ریورفرنٹ اربن ڈریلپمنٹ پراجیکٹ میں استعمال ہونے والی90فیصد اشیاء مقامی طور پر تیار کردہ ہوں گی جس سے پاکستانی انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔

وزیراعلیٰ کو شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے خصوصاً لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے ملاقات کی اور ٹائیگر فورس کے جوانوں کے جذبے اور عزم کو سراہا۔ صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، محمد سبطین خان، فیاض الحسن چوہان، مشیر آصف محمود، چیئرمین پی ایچ اے لاہور یاسر گیلانی، وائس چیئرمین ذیشان رشید، سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری ہائوسنگ، ڈی جی پی ایچ اے، سیکرٹری اطلاعات ، متعلقہ حکام اور ٹائیگرفورس کے جوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں