لاکھوں کے اجتماع کے ساتھ اب اسلام آباد میں فیصلہ ہو گا‘ عبد الغفور حیدری

عدم اعتماد سمیت ہر آپشن پر غور کررہی ہیں، وقت آنے پر ہر آپشن استعمال کریں گے

اتوار 16 جنوری 2022 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹر ی مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاہے کہ جے یو آئی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تحریک عدم اعتماد سمیت ہر آپشن پر غور کررہی ہے، وقت آنے پر ہر آپشن استعمال کریں گے ،پیپلز پارٹی کے لئے دروازے کھلے ہیں اگر وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں ،جے یو آئی نے جہد مسلسل کے باعث خیبر پختوانخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی اور آنے والا وقت جے یو آئی کا ہو گا ، موجودہ حکومت نے ملک معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے ،روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے،23مارچ کا لانگ مارچ غریب عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے ہے۔

(جاری ہے)

وہ جامعہ مدنیہ کریم پارک میں خیبر پختوانخواہ میں جے یو آئی کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر جے یو آئی لاہور کے استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے جے یو آئی خیبر پختوانخواہ کے امیر مولانا عطاالرحمن ،جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان ، لاہور کے امیر مولانا نعیم الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ ریاست مدینہ میں مساجد بنائی جاتی تھیں یہ کیسی نام نہادریاست مدینہ ہے جس میں مساجد کو مسمار کیا جا رہا ہے۔

جے یو آئی نے ہمیشہ اسلامی اقدار اور آئین کی اسلامی شقوں کا ہر جگہ دفاع کیا ہے۔ملک میں معاشی بحران روز برروز بڑھتا جا رہا ہے، مہنگائی کا موجودہ سیلاب روکناحکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔ بہت بہتر تھا عمران اپنی نا کامی کو تسلیم کرتے ہوئے اقتدار الگ ہوجاتے لیکن وہ اس کے لئے تیار نہیں ،اسی بنیاد پر اب ہم اسلام آباد آرہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ لاکھوں کے اجتماع کے ساتھ اب وہاں فیصلہ ہو گا ۔

مولانا عطاالرحمن نے کہاکہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات میں شکست فاش دی اور اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی کی حکومت کا خیبر پختوانخواہ سے مکمل صفایا کر دیا جا ئے گا۔آئندہ عام انتخابات میں قوتوں نے مداخلت نہ کی تو قوم جے یو آئی کے ساتھ کھڑی ہے جس میں جے یو آئی واضح اکثریت کے ساتھ جیتے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہ دھرتی کلمے کے نام پر بنی ہے یہاں کسی امپورٹڈ نظام کو نہیں آنے دیا جا ئے گا۔یہاں پر اسلامی نظام ہی نافذ ہو گا اور کسی بیرونی نظام کو قبول نہی کیا جا ئے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں