وزیر اعلی حمزہ شہباز کی ڈسکہ میں شہید کانسٹیبل کے گھر آمد،بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات، اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

جمعہ 27 مئی 2022 23:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) وزیراعلی پنجاب محمد حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہر روز نکلوں گا۔کالیں دینے کا معاملہ وہ جانیں، ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ڈسکہ کے نواحی گاں گجرکلہ میں اٹک پولیس وین حادثہ میں شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے گھر جا کر بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی۔

وزیراعلی حمزہ شہبازنے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا اور شہید محمد جاوید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے شہید کی بیٹی اور بیٹوں سے شفقت کا اظہار کیا اور شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے بیٹوں کو گلے لگایا۔ وزیراعلی نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے کانسٹیبل محمد جاوید کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہید کانسٹیبل محمد جاوید کو واپس تو نہیں لا سکتا لیکن حکومت آپ کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ کانسٹیبل محمد جاوید نے شہادت کا بلندرتبہ پایا۔آپ سے دلی ہمدردی ہے۔ شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔حکومت شہید کانسٹیبل محمد جاویدکے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔شہید کے خاندان کی ہرممکن معاونت کریں گے۔شہید محمد جاوید کے بھائی ریاض احمد اور محمد انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

خواجہ محمد آصف، منشا اللہ بٹ، عطا تارڑ،ذیشان رفیق، عمران گورایہ اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی حمز ہ شہباز نے کہا کہ کانسٹیبل جاوید کے اہل خانہ کو دیکھ کر دل رنجیدہ ہے۔ اللہ تعالی سب بچوں پر والدین کا سایہ قائم رکھے۔ وزیراعلی نہیں بلکہ باپ کی حیثیت سے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھنے آیا ہوں۔

چند روز قبل کانسٹیل کمال احمد کے گھر بھی گیا تھا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مارچ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔ہر طرح کے حربے اپنائے گئے، حملے کئے گئے۔سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہوں نے وہی کیا جو 126 دن کے دھرنوں میں کیا گیا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ 12کروڑ عوام کے صوبے میں پولیس نے بہترین فرائض سرانجام دیئے۔

عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان قائم رکھنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں اللہ تعالی صوبے کو امن کا گہوارہ بنائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ سے صوبے میں گورنر اور کابینہ نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی حمزہ شہباز نے بتایا کہ پٹرول میں 30 روپے اضافہ ہمارے دل پر بھی بوجھ ہے۔عوام کا احساس ہے یہ فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا۔

عوام کی آسانی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔40 لاکھ ٹن گندم 2200 روپے فی من کے حساب سے خریدی۔عوام کو آٹا 160 روپے کمی کے ساتھ بیچ رہے ہیں۔گھی اور چینی کے نرخ میں بھی کمی لائیں گے۔عوام کی مشکل زندگی کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع پیکیج دیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ چار سال سے زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے سیالکوٹ میں گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال سیالکوٹ کا وزٹ شیڈول تھا لیکن ڈرائیور کو گاڑی سردار بیگم ہسپتال لے جانے کی ہدایت کی اور ہسپتال پہنچ کر مختلف وارڈز کامعائنہ کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے چلڈرن وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ماں سے علاج معالجہ کی سہولتوں کا پوچھا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے زیر علاج بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہر مریض کو بروقت بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔میں دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہوں اور پوری کوشش کروں گا کہ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ دریں اثنا وزیراعلی حمزہ شہبازنے کئی برس سے زیر تکمیل شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کا دورہ کیا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے سیالکوٹ شہر کے مختلف علاقوں کا بھی وزٹ کیا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز کو شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ شہاب پورہ پل کا منصوبہ بھی گزشتہ حکومت کی نااہلی کی بھینٹ چڑھا۔شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کی ٹائم لائن بنائی جائے۔

تعمیراتی کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سیالکوٹ میں سیوریج نظام درست کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پسرور اور ڈسکہ روڈز پر تعمیر ومرمت کام شروع کرائیں گے۔شہر کی سڑکیں بھی خراب ہیں۔شہر کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔سیالکوٹ میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں گے۔کمشنر گوجرانوالہ شہر کی حالت زار کو بہتر بنانے کے حوالے سے پلان پیش کریں۔جو حال یہ ملک اور صوبے کا کر چکے ہیں، اسے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔میں میدان میں نکل آیا ہوں، عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ شہاب پور ہ اوور ہیڈ برج کامنصوبہ مکمل ہونے سے ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں