مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے، چیک کریں بانی پی ٹی آئی کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں‘ لاہور ہائیکورٹ

جمعہ 29 مارچ 2024 13:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی آئی ٹی کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں پٹیشن پر اعتراض کے باجود بانی پی ٹی آئی کے سکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ طلب کروں گا، بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہماری ہے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دئیے کہ ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے، پہلے لیاقت علی خان اور پھر بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے،چیک کریں ان کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ درخواست راولپنڈی بینچ میں سنی جاسکتی ہے، پرنسپل سیٹ پر نہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کارروائی 3اپریل تک ملتوی کردی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں