ملت ایکسپریس واقعہ ،اب تک کی تحقیقات کے مطابق خاتون نے خود چھلانگ لگائی، ترجمان ریلوے

منگل 16 اپریل 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون پر تشدد اور بعدازاں خاتون کی لاش ملنے کے واقعے پر ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ خاتون نے چلتی ٹرین سے خود چھلانگ لگائی۔ ترجمان ریلوے بابر علی رضا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون دوسرے مسافر کی سیٹ پر بیٹھیں تھیں اور کئی بار اصرار کرنے کے باوجود وہ وہاں سے نہیں اٹھ رہی تھیں جس پر پولیس اہلکار میر حسن نے خاتون سے منت سماجت کی۔

ترجمان کے مطابق خاتون نے پولیس اہلکار کی بھی بات نہیں مانی اور پھر اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ ویڈیو میں سب کے سامنے ہے، ترجمان کے مطابق یہ تفصیلات وہاں پر موجود مسافروں سے ملی ہے۔ ترجمان پاکستان ریلویز کا کہنا تھا کہ اہلکار میر حسن کے ابتدائی بیان کے مطابق وہ خاتون کو دوسرے ڈبے میں لے گیا تھا جہاں دوسرے مسافر بھی موجود تھے، اہلکار میر حسن ضمانت پر ہے، دوبارہ عدالت میں جائیں گے تاکہ اس کی ضمانت منسوخ کرائی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے، جس نے خاتون پر ہاتھ اٹھایا اسے نہیں چھوڑا جائیگا، ایف آئی آر ریلوے نے خود درج کرائی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کچھ چینلز پر چلایا جا رہا تھا کہ اہلکار نے خاتون کو قتل کیا لیکن خاتون کی لاش چنی گوٹھ کے قریب رلی تھانہ ملتان ڈویژن سے ملی ہے۔ ریلوے ترجمان نے مزید بتایا کہ خاتون کے ٹرین سے چھلانگ لگانے پر مسافروں نے شور مچایا، مسافروں کے ابھی تک کے بیان کے مطابق خاتون نے خود چھلانگ لگائی ہے، چھلانگ لگانے پر بچنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی پہلو کو نظر انداز نہیں کر رہے، ان پاس مسافروں کا بیان موجود ہے، بچوں اور مسافروں کے بیانات بھی لیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں