حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مزید مشکل بنا دیا ‘جماعت اسلامی

حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر سرنڈر کر چکی ،عوام کو ہرگز خاموش نہیں رہنا چاہیے‘ترجمان قیصر شریف

منگل 16 اپریل 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مزید مشکل بنا دیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف پہلے ہی سراپا احتجاج ہے۔

جماعت اسلامی نے اس سلسلہ میں ملک بھر میں جلسے، جلوس اور ریلیاں منعقد کیں اور مظاہرے کیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی قیمت 39سو روپے فی من مقرر کی تھی تاہم کسان تین ہزار سے 32سو روپے تک گندم فروخت کرنے پر مجبور ہے، حکومت یقینی بنائے کہ کاشت کاروں سے مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق گندم خریدی جائے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ موجودہ صورت حال میں جب حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر سرنڈر کر چکی ہے، ہرگز خاموش نہیں رہنا چاہیے، جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

قیصر شریف نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ جماعت اسلامی پوری قوم کی حمایت سے حکومت کو اضافہ واپس لینے پر مجبور کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں