وزیراعلیٰ مریم نوازکی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت،روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم

ایس ایل تھری کی جلد تکمیل کا حکم،ایس ایل فور کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے پر اتفاق،590روڈز کی تعمیر و بحالی شروع، چار سڑکیں مکمل،پانچ روڈز زیر تکمیل روڈز و ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت بنیادی صحت یونٹس، دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

بدھ 17 اپریل 2024 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ روڈز اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم دیا اور گوجرانولہ لاہور ایکسپریس وے کے اطراف میں ایک لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم بھی دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت بنیادی صحت یونٹس، دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایل فور کی جلد از جلد تعمیر کے لئے وفاقی حکومت سے رابطے تیز کرنے پر اتفاقِ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی 590روڈز کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے اور چار سڑکیں مکمل جبکہ پانچ روڈز زیر تکمیل ہیں۔

مراکز صحت کی تعمیر ومرمت بھی شروع کر دی گئیں ہیں جن میں پھول نگر،مانگا،شامکے بھٹیاں اور فیروز والا کے مراکز صحت کی تعمیر و بحالی مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں دیپالپور تا لیہ میگا روڈ اور دیگر روڈز کی تعمیر کے لئے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ روڈز سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’سڑک بحال… پنجاب خوشحال‘‘ کے تحت چار رابطہ روڈز کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ پانچ اہم رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی شروع ہوچکی ہے۔

مریدکے تاناروال،پینسرہ تا شورکوٹ،جھانگرہ تا احمد پور شرقیہ،چونڈہ تا سبز پیر اور ظفر وال روڈ کی تعمیرکا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ملتان وہاڑی ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے مئی میں انوسٹرکانفرنس ہوگی۔ بہاولپور تا جھانگڑہ شرقی پنجاب کی خوبصورت ترین ایکسپریس وے بنے گی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید،صوبائی وزیر کمیونیکشن اینڈ ورکس صہیب احمد ملک، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈاور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں