قائمقام الیکشن کمشنر پنجاب کی زیر صدارت ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

پولنگ ڈے پر پولیس، رینجرز اور آرمی کے جوان امن و امان برقرار رکھنے کے فرائض سرانجام دیں گے

جمعرات 18 اپریل 2024 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں پنجاب کے 14 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت قائمقام صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سائیں بخش چنڑ نے کی۔ اجلا س میں ایڈیشنل اے آئی جی پولیس شہزادہ سلطان، آسیہ گل سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، طارق نیاز ی ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، آرمی اور رینجرز کے نمائندگان،جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب عبدالحفیظ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبہ پنجاب کے 14حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے 174انتخابی امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔پریذائیڈنگ اور سینئر پریذائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ20اپریل تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل 19اپریل تک مکمل کر دیا جائے گا۔صوبہ پنجاب میں 14حلقوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 41لاکھ 74ہزار 9بیلٹ پیپر ز پرنٹ کئے جا چکے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے انعقاد کیلئے سکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی پلان مرتب کیا جا چکا ہے۔ضمنی انتخابات سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔مذکورہ حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی 4شکایات کا فوری ازالہ کیا جا چکا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ افسران اپنے متعلقہ اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

ضمنی انتخابات میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے 663مردانہ 649زنانہ اور 1289مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں پولنگ ڈے پر پولیس، رینجرز اور آرمی کے جوان امن و امان برقرار رکھنے کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اسلحے کے نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے 20اپریل کو فلیگ مارچ کریں گے۔ضمنی انتخابات کی پولنگ کا انعقاد 21اپریل کو کیا جائے گا۔قائم مقام صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں