وزیر بلدیات پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، لاہور ری ویمپنگ پلان میں پیشرفت و ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

بدھ 8 مئی 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں چیف منسٹر لاہور ری ویمپنگ پلان میں پیشرفت اور منتخب نمائندوں کی عوامی سکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان احمد ملک، لاہور سے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سابق ٹکٹ ہولڈرز، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر منتخب عوامی نمائندوں کے حلقوں کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) رافعہ حیدر نے اجلاس کو لاہور ری ویمپنگ پلان پر اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ری ویمپنگ پلان کے تحت تین ماہ کے اندر شہر کی ٹوٹی گلیوں اور نالیوں کی مرمت یقینی بنائی جائے گی۔

یہ جامع پلان لاہور کی 92 فیصد آبادی کو کوور کرے گا جس کے بعد صوبائی دارالحکومت کی ایک نئی شکل سامنے آئے گی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں پر کام کے دوران موسم برسات کی آمد کو بھی پیش نظر رکھا جائے تاکہ وسائل کے ضیاع کو ہر ممکن طور پر روکا جا سکے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کی مکمل کوآرڈینیشن کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کیلئے تاریخی پیکیج دیا ہے اور اس حوالے سے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت تمام فلٹریشن پلانٹس کو بھی مکمل فعال بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ پنجاب نے ارکان اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ ہر یونین کونسل سے ضروری سکیموں کی تفصیل اور جیومیپنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ری ویمپنگ کے منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی تجاویز کو مدنظر رکھا جائے گا۔ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے منتخب نمائندوں کی تجاویز مدنظر رکھنے پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کے ویژن سے مکمل اتفاق کرتے ہیں اور اس ویژن کی تکمیل کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں