لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

دہشت گردوں نے خودکار اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا‘ پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 فروری 2024 10:55

لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری 2024ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گروں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے منجی والا پولیس چوکی پر رات دیر گئے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، دہشت گردوں نے حملے میں خودکار اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، اس حملے کو پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے ناکام بنایا گیا جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہو گئے، اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بتاتے چلیں کہ گزشتہ ماہ لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں نامعلوم افراد نے گھر میں فائرنگ کر کے 11 افراد کو قتل کر دیا تھا، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حملہ آور مہمان بن کر آیا اور اہلخانہ کے ساتھ رات گزاری جب کہ مقتولین کو نشہ آور کھانا کھلانے کے بعد قتل کردیا، جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک بھائی، اس کی بیوی، 2 بیٹوں، ایک شادی شدہ بیٹی اور اس کا بیٹا شامل تھے جب کہ دوسرے بھائی کی بیوی، بیٹی اور 2 بیٹوں کو بھی قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر یانوالی میں پولیس چیک پوسٹ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا، جہاں 12 سے 13 دہشت گردوں نے رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ میانوالی پر 3 اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، جس پر چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او میانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، ڈی پی او میانوالی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پنجاب پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کے لیے تیار ہیں، عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی پولیس چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز ہیں، پولیس نے ہمیشہ قیمتی جانیں قربان کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، پنجاب پولیس سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، پولیس نے جرات و بہادری کی ایک اور تاریخ رقم کی۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں