شہید بھٹوکی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر پیپلز پارٹی یوم تشکر منا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

جمعرات 7 مارچ 2024 21:22

شہید بھٹوکی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر  پیپلز پارٹی یوم تشکر منا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر یوم تشکر منا رہی ہے ۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایم پی ایز نثار احمد کھوڑو، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال، عادل خان کے ہمراہ گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو اور مرحومہ امیر بیگم کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا نامکمل مشن مکمل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے انتخابی مہم کے دوران بھی شہید بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ شہید بھٹو کو منصفانہ اور شفاف ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔

آج 44 سال بعد ہمیں انصاف ملا ہے ۔ پوری دنیا اور پاکستان میں ثابت ہو گیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے یہ ریفرنس 12 سال قبل سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو نے ہمہ وقت انصاف کے لیے جدوجہد کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس کیس کو فالو کیا ۔

آج میں پارٹی چیئرمین کی ہدایات پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہداءکے مزاروں پر حاضری دینے آیا ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی نے پورے ملک کو اذیت میں مبتلا کر دیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی جدوجہد کے لیے شہید ہونے والے تمام کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور یہ بھی کہوں گا کہ ایم آر ڈی تحریک کے دوران شہید ہونے والے رہنماوں اور کارکنوں کو بھی انصاف ملنا چاہیے اور غلط فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کیس کے حوالے سے ہم ان کو انصاف دلانے کی کوشش کریں گے کیونکہ آج 44 سال بعد ہمیں انصاف ملا ہے اور ہم خوش ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج ہمیں انصاف ملا ہے اور ہر کارکن کی آنکھوں میں آنسو ہیں کہ ہمارے قائد کو عدالتی قتل سے شہید کیا گیا۔بھٹو آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے شہید بھٹو کی پھانسی کیس کا فیصلہ دیا ہے، جس سے ہمارے اس موقف کی تائید ہوتی ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی سرکاری طور پر شہید کہا جائے۔ اس دوران پیپلز پارٹی کے رہنما خیر محمد شیخ، اعجاز احمد لغاری، عمران جتوئی اور دیگر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں