اوتھل میں 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق،متعدد علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل،کروڑوں روپے کی ٹماٹر اور گندم کی فصلیں تباہ

جمعرات 21 فروری 2019 21:47

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) ضلع لسبیلہ کے اکثر علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اوتھل میں 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق۔متعدد علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل۔کروڑوں روپے کی ٹماٹر اور گندم کی فصلیں تباہ۔انفرااسٹرکچر کا نظام درہم برہم۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ۔

جن علاقوں میں نقصان ہوا ہے ان کی رپورٹ مرتب کی جارہی ہے۔ڈی سی لسبیلہ۔وزیراعلیٰ جام کمال خان کی ہدایت پر ایم آئی۔17 ہیلی کاپٹر PDMA کے سپرد۔تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے علاقوں بیلہ ، اوتھل ، لاکھڑا، وندر میں شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے مختلف دریاؤں، ندی، نالوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی۔

(جاری ہے)

ضلع بھر کی ندی نالوں میں شدید طغیانی کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

اوتھل سے 5 کلومیٹر مشرقی سمت کھرڑی ندی میں آنے والا ریلہ گزشتہ شب چار افراد محمد سلیمان ولد محمد عمر خاصخیلی، شیر محمد ولد بکو قوم برہ، محمد عمر ولد داد محمد برہ اور پنِیو ولد محمد جمن برہ کو بہا کر لے گیا۔جن کی لاشوں کو ضلعی انتظامیہ، ایدھی اور ایف سی کے رضا کاروں نے نکال کر DHQ۔ہسپتال اوتھل منتقل کیا۔جہاں لائف ٹرسٹ کے رضا کاروں نے غسل اور کفن دے کر نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا۔

جب کہ بیلہ شہر میں دریا پورالی کا پانی محلہ ریسٹ ہاؤس کے گھروں میں داخل ہوگیا۔جب کہ بلوچی گوٹھ ،اسماعیلانی ، کنر ، ڈان اور دیگر کء دیہات میں بارش اور سیلاب نے گھروں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔جب کہ اوتھل کے کھانٹا ندی اور لنڈا ڈھورا میں شدید طغیانی سے بشوانی گوٹھ، آمنانی گوٹھ، اور ابو ہوٹل کے قریب ناکو قادری گوٹھ اور ناریل فارم میں سیلابی ریلے داخل ہونے سے گئی مکان سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور درجنوں افراد پانی میں محصور ہو کر رہ گئے اور کئی افراد نے درختوں اور گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر جان بچائی۔

جب کہ تحصیل لاکھڑا میں بھی بارش نے گھروں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔سیلاب کی اطلاع ملتے ہی کمشنر قلات ڈویڑن بشیر احمد بنگلزئی، ایڈیشنل کمشنر امیر فضل اویسی، ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی، اے ایس پی حب نوید عالم، ایس ایچ او اوتھل فلک شیر اور دیگر افسران نے مقامی غوطہ خوروں اور بوٹ کے ذریعے ناریل فارم میں پھنسے ہوئے 10 افراد کو ریسکیو کرکے باحفاظت سیلابی پانی سے باہر نکالا اور ایس ایس لسبیلہ نے پولیس کے جوانوں اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیم کو دیگر علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے لئے روانہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل کا ADC ریونیو عزت نزیر بلوچ۔تحصیلدار اوتھل نصیر احمد جاموٹ۔نائب تحصیلدر اوتھل محمد یعقوب شیخ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ نقصانات کا جائزہ لیا اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر جن علاقوں میں نقصان ہوا ہے ان کی رپورٹ مرتب کر رہے ہیں متاثر افراد کی بحال کے لیئے ہر ممکن اقدامات کیئے جارہے ہیں۔

ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عزت نزیر بلوچ نے کہا کہ متاثرہ افراد کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ریسکیو آپریشن کی نگرانی کمشنر قلات خود کر رہے تھے اور پولیس کے جوانوں اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں نے ریسکیو کر کے 10 افراد کو باحفاظت سیلابی پانی سے باہر نکالا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر صوباء حکومت کا ایم آء -17 ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کے لیے پی ڈی ایم اے کے سپرد کردیا ہے۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں