لودھراں ، مکان کی چھت گرنے سے 5 بچے جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے

زیر تعمیر مکان کی چھت کا سامان پرانی چھت پر رکھا گیا جس کے وزن سے کمرے کی چھت گر گئی۔ ریسکیو ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 اگست 2021 13:50

لودھراں ، مکان کی چھت گرنے سے 5 بچے جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے
لودھراں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اگست 2021ء ) صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں میں کمرے کی چھت گرنے سے 5 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لودھراں کے علاقے شجاع آباد روڈ اڈا سکندری کے قریب پیش آیا جہاں ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 5 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گرنے والے مکان سے ملحقہ زیر تعمیر مکان کی چھت کا سامان پرانی چھت پر رکھا گیا تھا جس کے وزن سے کمرے کی چھت اس وقت گر گئی جب کمرے میں بچے ٹی وی دیکھ رہے تھے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے بروقت موقع پر پہنچ کر ریسکیوآپریشن کیا اور ملبے سے 8 بچوں کو نکالا جن میں سے 3 بچے زخمی اور 5 کا پہلے ہی انتقال ہوچکا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور کے علاقے شاد باغ میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں اور تین خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے ، ذرائع کے مطابق شاد باغ کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نیچے آکر میاں بیوی اور دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے 8 سالہ ابراہیم، 4 سالہ مناحل، تین خواتین 18 سالہ رابعہ، 30 سالہ مہوش، 55 سالہ سمیرا اور 35 سالہ رضوان شامل ہیں ، لاشوں کو کوٹ خواجہ سعید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسی طرح سے اوکاڑہ کے نواح میں ایک مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ، امدادی ذرائع کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی طارق آباد میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک گھر میں موجود تین خواتین اور تین بچے جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ملبہ ہٹاکر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں