جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوجود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی

تحریک انصاف کے امیدوار کے 14 ہزار ووٹ مسترد، الیکشن کمیشن نے این اے 154 میں ن لیگ کی فتح کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 مارچ 2024 21:34

جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوجود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2024ء) جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوجود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی، تحریک انصاف کے امیدوار کے 14 ہزار ووٹ مسترد، الیکشن کمیشن نے این اے 154 میں ن لیگ کی فتح کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں I سے دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو ایک لاکھ 27 ہزار 984 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون ایک لاکھ 20 ہزار 683 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

اس حلقہ میں 20 ہزار 816 ووٹ مسترد ہوئے۔ اس سے قبل 16 فروری کو الیکشن کمیشن نے اس حلقے سے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون کی فتح کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون 1 لاکھ 34 ہزار 937 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان کانجو 1 لاکھ 28 ہزار 438 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جس پر تحریک انصاف کے رہنما رانا محمد فراز نون نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے میری جیت کے فارم 45، 47، 48، 49 جاری ہونے، میرا قومی اسمبلی کا آفیشل نوٹیفکیشن ہونے کے بعد چھٹی والے دن یعنی اتوار کو میرے حلقے میں جو غیرقانونی طور پر دوبارہ گنتی کا آرڈر جاری کیا گیا ۔

پھر ہمیں بتائے بغیر وقت لودھراں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع کیا گیا، میرے وکلا ٹیم گنتی کی جگہ تو پہنچی لیکن پولیس نے ان کو دھمکایا، انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔ ان اعتراضات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ن لیگ کے امیدوار کو فاتح قرار دے دیا۔ تحریک انصاف کے رانا محمد فراز نون کے 14 ہزار ووٹ مسترد کر دیے گئے جس کے بعد ان کے ووٹ 1 لاکھ 34 ہزار سے کم ہو کر 1 لاکھ 20 رہ گئے، یوں ن لیگ کے امیدوار کو 6 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار دے دیا گیا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں