نگہبان رمضان پیکج کے تحت لودہراں کے مستحق 33 ہزار افراد میں راشن بیگ تقسیم

راشن بیگ صرف رجسٹرڈ شہری کو ملے گا،ڈپٹی کمشنر لودہراں

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان ہفتہ 9 مارچ 2024 17:07

لودھراں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2024ء ) نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع بھر کے مستحق 33 ہزار افراد کو راشن بیگز انکی دہلیز پر فراہم کر دیے گئے ہیں ۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 36 ہزار 838مستحق افراد کو راشن بیگز فراہم کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے راشن بیگز تقسیم کرنے پر مامور ٹیمز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ راشن بیگز کلسٹر کی صورت میں ہرگز تقسیم نہ کیے جائیں بلکہ گھر گھر جا کر انفرادی طور پر راشن بیگز تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر نے نگہبان رمضان پیکج کے تحت راشن بیگز تقسیم کرنے پر مامور ٹیموں کے  ڈسٹریبیوشن پلان کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر نے  تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو نگہبان رمضان پیکج کے راشن بیگز کی ڈسٹریبیوشن ٹیموں کی سرپرائز مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک 100 فیصد رجسڑڈ مستحق شہریوں کو راشن بیگز مل نہیں جائیں گے راشن بیگز تقسیم کرنے کا عمل جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ راشن بیگ رجسٹرڈ شہری کو ہی ملے گا اور اس شہری کی جگہ کوئی دوسرا شہری راشن بیگ وصول نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویثرن کے مطابق غریب اور نادار طبقہ کے حق کی فراہمی کو ان کی دہلیز پر یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکج کے ہر تھیلے میں دو کلو چینی، دو کلو بیسن، دو کلو چاول، دو کلو گھی اور دس کلو آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے نگہبان رمضان پیکج کی کوالٹی کو 100 فیصد یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں بڑی کامیابی، ترتیب اور فول پروف طریقہ کار کے مطابق راشن بیگز تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر امسال رمضان المبارک کے دوران مستحقین کو مفت راشن ان کی دہلیز پر ہی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں کےمستحق افراد کو راشن انکی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا تاکہ ایک تو انکی عزت نفس مجروح نہ ہو اور دوسرے انہیں روزے کے ساتھ قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے ۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کا کہنا تھا کہ مستحقین کا ڈیٹا حکومت پنجاب نے فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکج کا فوڈ ہیمپر تقریباً 18 کلو وزن  کا ہے جو چینی ، گھی ،چائے کی پتی، بیسن، آٹا اور دالوں پر مشتمل ہے ۔

ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت فراہم کردہ راشن بیگ کی اشیاء خوردونوش کی ٹیسٹنگ محکمہ فوڈ اتھارٹی پنجاب سے مسلسل کروائی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کہ مستحق افراد کو ان کے موبائل فون نمبر پر ایک میسج موصول ہوتا ہے جس کی تفصیل ضلعی انتظامیہ کو بھی موصول ہو جاتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو خصوصی طور پر ڈسٹریبیوشن کے عمل کو بہتر انداز سے انجام دینے کی ہدایت کی ہے

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں