ملتان سلطان کے کھلاڑی پولیو کے خاتمے کی مہم میں شریک ہونگے، علی ترین

ملتان سلطان اور قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر برائے انسداد پولیو کے درمیان شراکت داری قائم

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان بدھ 27 مارچ 2024 16:49

لودھراں  ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) ملتان سلطانز پولیو کے خاتمے کے لئے کوشاں ، ملتان سلطانز نے پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر برائے انسداد پولیو کے درمیان شراکت  داری قائم کر لی۔ ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے  کہا ہے کہ اس معاہدے سے ملک میں پولیو کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ملتان سلطانز اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر  کے مابین اشتراک نئی نسل کی صحت کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ہم سب ملکر اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے پولیو کے خاتمے کی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ علی خان ترین نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ میں بے پناہ دلچسبی رکھتے ہیں۔ کرکٹ پاکستان میں شہری و دیہی علاقوں میں مقبول ترین گیم ہے۔

(جاری ہے)

ہم کرکٹ کی مقبولیت اور کرکٹرز کے اثرو رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرینگے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین کے بغیر نہ رہ رہے۔

علی ترین نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز بھی ہمارے لئے قومی ہیروز کا درجہ رکھتے ہیں ہم انکو مکمل تعاون فراہم کرینگے۔ ہمارے کھلاڑی ویڈیو پیغامات کے ذریعے پولیو کے خاتمے کی مہم میں شریک ہونگے۔ علی ترین نے کہا کہ چند ممالک کے سوا پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے مگر بدقسمتی سے ہمیں ابھی پولیو کے محاذ پر لڑنا ہے۔ ملتان سلطانز کے پلیٹ فارم سے ہم  پورے جوش اور ولولے سے اعلیٰ مقصد کی تکمیل کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں شریک ہونگے۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں