تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گئی تو عمران خان کی آواز لائن آف کنٹرول کے پار بھی گونجے گی،شاہ محمود قریشی

عمران خان مسئلہ کشمیر اور 5اگست کے اقدامات واپس لئے بغیر بھارت سے کوئی بات چیت نہیں کرینگے ،25جولائی کو تحریک انصاف کامیاب ہوگی، وزیر خارجہ میر پور کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کے لئے بلے پر مہر لگائیں ، 25جولائی کو تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا جلسے سے خطاب

اتوار 18 جولائی 2021 22:35

میر پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گئی تو عمران خان کی آواز لائن آف کنٹرول کے پار بھی گونجے گی، عمران خان مسئلہ کشمیر اور 5اگست کے اقدامات واپس لئے بغیر بھارت سے کوئی بات چیت نہیں کرینگے ،25جولائی کو تحریک انصاف کامیاب ہوگی ۔ اتوار کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میر پور کے استقبال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر زندہ ہے اور زندہ رہے گا ، کشمیر اس لئے زندہ ہے کہ کشمیریوں نے اپنی منزل کی طرف بڑھنا ہے اور وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں نہ جھکوں گا اور نہ بکوں گا بلکہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر اور 5اگست کے اقدامات واپس لئے بغیر بھارت سے کوئی بات چیت نہیں کروں گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ وہ عمران خان ہے جو تسلسل کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ہو یا کوئی بھی عالمی فورم مسئلہ کشمیر کے لئے آواز بلند کر رہا ہے ، کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ آج میر پور آیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میر پور کی عوام نے جو عزت دی ہے امید ہے وہ 25جولائی کو آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ آج آزاد کشمیر کے ماحول کو دیکھنا ہے تو پاکستانی میڈیا کے ساتھ ساتھ بھارتی چینلز کو دیکھ لیں جہاں واویلا ہے اوریہ نقطہ چینی ہو رہی ہے کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کیوں ، انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کو اندازا ہے کہ اگر تحریک انصاف اور عمران خان آزادکشمیر میں کامیاب ہو گئے تو ان کی آواز لائن آف کنٹرول کے پاربھی گونجے گی ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میر پور کے عوام سے میرا گہرا رشتہ ہے اور آج میں یہاں عمران خان کے لئے ووٹ مانگے آیا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ مظفر آباد جلسے میں بتایا تھا کہ لال چوک کا لال حویلی سے کیا رشتہ ہے ، مجھے امید ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ان لوگوں کے چہرے جان چکی ہے جن میں سے ایک شخص دوائی لینے گیا لیکن واپس نہیں آیا اور ان کے پیچھے اس کا بھائی اور بیٹی بھی جارہے تھے ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان دنیا میں کشمیر کا نام اس طرح زندہ کرے گا کہ تاریخ یاد کرے گی، میر پور کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کے لئے بلے پر مہر لگائیں ، 25جولائی کو تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گی اور 27جولائی کو یہاں جشن ہوگا ۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سمیت تمام مہمانوں کا میرپور آمد پر خیر مقدم کیا،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان وہ قائد ہے جس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس جرات کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا کہ عالمی سطح پر بھارت پرمسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے دبائو بڑھا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف کشمیر کا سفیر بنا بلکہ آزاد کشمیر میں ترقی بھی لانا چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود اس نے ترقیاتی بجٹ کو دگنا کر دیا اور صحت انصاف کارڈ فراہم کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ صحت کارڈ صرف تحریک انصاف والوں کے لئے نہیں بلکہ بلا تفریق سب کے لئے ہے ۔سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ میر پور اور پورے آزادکشمیر کے عوام عمران خان سے اس وقت سے محبت کرتے ہیں جب وہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے اور پاکستان کا وزیراعظم بننے کے بعد جو انہوں نے کشمیریوں کی ترجمانی کی اس سے وزیراعظم کے لئے ان کی محبت مزید بڑھ گئی ہے اور پورے آزاد کشمیر کے عوام 25جولائی کو تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کر کے اس محبت کا عملی اظہار کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز یہاں مریم بی بی آئیں لیکن میر پور کے عوام نے انہیں خالی ہاتھ لوٹا دیا کیونکہ یہاں کے عوام عمران خان سے محبت رکھتے ہیں۔ 25جولائی کا سورج پورے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں