مہمند،فاٹا انضمام کا پہلا دھچکا،گورنر ماڈل سکول بند ہو نے کا خدشہ، ویلفیئر فنڈ ختم ہونے سے شہداء کے ورثاء، یتیم اور بیمار لوگوں کا ماہانہ وظیفہ بند

جمعہ 17 اگست 2018 23:07

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) ضلع مہمند میں فاٹا انضمام کا پہلا دھچکا۔ گورنر ماڈل سکول بند ہو نے کا خدشہ۔ ویلفیئر فنڈ ختم ہونے سے شہداء کے ورثاء، یتیم اور بیمار لوگوں کا ماہانہ وظیفہ بند۔ سست رفتار پیش رفت کی وجہ سے عوام گونا گو مشکلات کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے فوری فاٹا انضمام کا حکم دیا ہے مگر اب تک فاٹا انضمام کے ثمرات کے بجائے غیورقبائل کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔

صرف اب تک پولیٹیکل ایجنٹ کا نام تبدیل ہونے کے بعد اب تک کوئی دوسرا ایسا اقدام نہیں اُٹھایا گیا ہے جس سے یہاں کے لوگ مستفید ہو رہے ہو۔ قانون بھی وہی اور ایف سی آر بھی وہی نظر آرہا ہے۔ ویلفیئر فنڈ بند ہونے سے اگر ایک طرف مشران و ملکان کا ماہانہ خرچہ ختم ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تو دوسری طرف اس فنڈ سے سینکڑوں بیمار، غریب، یتیم ،شہداء کے ورثاء اور فنڈ سے بھرتی ملازمین بھی محروم ہو گئے ہیں۔

جبکہ ضلع مہمند میں واحد معیاری تعلیمی ادارہ جو کہ ویلفیئر فنڈ سے چل رہا تھا اب تک اُن کے ملازمین کی تنخواہیں بھی بند پڑے ہیں۔ جس کی وجہ سے سکول بند ہونے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے قبائلی ضلع مہمند کے اخراجات کیلئے چار کروڑ روپے دیئے ہیں۔ مگر ساتھ ہی یہ لیٹر دیا گیا ہے کہ آرڈر ثانی تک اس کا استعمال نہ کیا جائے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو ڈسٹڑکٹ انتظامیہ کا نظام روک سکتا ہے۔ کیونکہ ایجنسی ٹیکس ختم ہونے کے بعد ضلعی ٹیکس کو ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے۔ جبکہ خاصہ دار فورس بھی تذبذب کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ٹرائبل ڈسٹرکٹ کے مشکلات کو حل کرنے کیلئے فوری نوٹس لے۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں