آر پی او ملتان کا منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم

بدھ 17 اپریل 2024 16:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) آر پی او ملتان کیپٹن( ر )سہیل چوہدری نےتمام ڈویژنل افسران کواپنے اپنےعلاقوں میں منشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی آپریشن کرنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان پولیس کے مطابق بدھ کو آر پی او نے کمشنر مریم خان کے ہمراہ ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر ملتان کا دورہ کیا اور ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے کئے گئے انتظامات اور وہاں مقیم افراد کے لئے جاری ووکیشنل ٹریننگ کا جائزہ لیا۔

اس دوران سی پی او صادق علی نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے عادی افراد کو بحالی سینٹر میں سخت سکیورٹی میں رکھا گیا ہے انہیں علاج کے ساتھ کورسز بھی کروائے جا رہے ہیں،سوشل ویلفیئر، ٹیوٹاTEVTA کے اشتراک سے کورسز کروائے جارہے ہیں،نشہ کے عادی افراد کو علاج کے ساتھ ہنر سکھا کر معاشی طور پر مستحکم بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور خصوصاً تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے،طلبہ کو نشے میں مبتلا کرنے والےعناصر کےخلاف کارروائیاں عمل میں لا کر سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، منشیات فروش مافیا کے خلاف ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مشترکہ کارر وائیاں کی جا رہی ہیں،معاشرے سے نشہ کے بڑ ھتے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنے کے لئے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں