صدرپیپلزپارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ کی ہدایت پر ضلع شیخوپورہ میں پارٹی عہدیداروں کا اعلان

ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:45

صدرپیپلزپارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ کی ہدایت پر ضلع شیخوپورہ میں پارٹی عہدیداروں کا اعلان
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سنٹرل پنجاب قمر زمان کائرہ کی ہدائت پر لاہور ڈویژن کے صدر رائے شاہ جہاں نے ضلع شیخوپورہ اور اس کے مختلف شہروں میں پارٹی عہدیداروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے ضلعی صدر شیخوپورہ جاوید اکبر ڈوگراور سیکرٹری عثمان نثار پنوں ایڈووکیٹ نے مان ہاؤس مریدکے میں نئے عہدیداروں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔

تحصیل مریدکے کے لیے ذیشان امانت مان کو صدر گلفام ارشاد سرویا سیکرٹری، ڈاکٹر غلام حسین کو نائب صدر ، سٹی مریدکے کے لیے غرغام بھٹی صدرم مرزا عثمان سیکرٹری اور نثار بھٹی سیکرٹری اطلاعات جبکہ نارنگ منڈی سٹی کے لیے جمشید احمد پنوں صدر، سجاد احمد بٹ سیکرٹری اورغلام مرتضی کھوکھر کو سیکرٹری اطلات کے تقرر نامے جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری چودھری عثمان نثار پنوں ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہماری پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے اور ملک کے کونے کونے میں اس کا ووٹر موجود ہے مگر سازشوں کے ذریعے ہمارے ووٹر کو منتشر کرکے ہمیں پنجاب اور کے پی کے میں اقتدار سے باہر رکھا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ذو الفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے پاکستان کے لیے کارنامے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھے جا چکے ہیں جسے کوئی آمر یا جابر حکمران نہیں مٹا سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اوراپنے ووٹرز کی طاقت سے کامیابی سمیٹ کر پورے پنجاب پیپلز پارٹی کا سیاسی لاڑکانہ بنا دے گی۔

ضلعی صدر جاوید اکبر ڈوگر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوںنے عام عوام کو اقتدار سے دور کر دیا ہے اور پوری حکمرانی مافیاز کے سپرد کی گئی ہے جس سے غریب اور درمیانہ طبقہ پس کر رہ گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا سبز باغ دیکھانے والوں نے ایک کروڑ افراد کو بے روزگا ر کر دیا ہے اور ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر آنے والی نسلوں کو بھی تاریک راہوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤ ں نے کہا کہ نا اہل سلیکٹڈ حکمرانوں نے تمام ملکی اداروں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں ظلم ، جبر، اندھا انتقام ملک کو 70 کی دھائی میں دھکیل چکا ہے۔انہوںنے نو منتخب عہدیداروں کو ہدائت کہ وہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرکے مہنگائی اور لاقانونیت کے مارے عوام کو متحرک کریں تا کہ ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کی جا سکے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں