سوپور میں بھارتی فوج کی دہشت گرد کاروائیوں کیخلاف مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ

بدھ 23 جون 2021 17:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سوپورقصبے میں بھارتی فوج کی دہشت گرد کاروائیوں کیخلاف انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام مظفر آباد میںسنٹرل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشتگردی کیخلاف نعرے بلند کئے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کوروکنے کے لئے اپناکردار ادا کرے۔

مظاہرے سے فورم کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 19 جون کو بھارتی فوج نے سوپور کے مختلف علاقوں میں 13سال سی22 سال کے عمر کے بچوں پر جو تشدد کیا اس سے روح انسانی کانپ اٹھتی ہے۔

(جاری ہے)

فورسز نے کشمیری بچوں کو جلتے ہوئے چولہوں پر بیٹھنے پر مجبور کیا،ان کے ہاتھ اور پائوں جلائے گئے اور بازو اور ٹانگیں توڑ دی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی دہشتگردی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانیت کو بچانے کیلئے آگے آئے اور بھارت کو بربریت سے روکے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جس طرح مسئلہ فلسطین کو پوری طاقت سے عالمی سطح پر اٹھایا گیا اسی طرح مسئلہ کشمیر کو بھی پوری قوت کے ساتھ سفارتی محاز پر اجاگر کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے سے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام ، چیئرمین پاسبان حریت جموںو کشمیر عزیراحمدغزالی، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما جاوید احمد مغل، مہاجرین کشمیر کے نمائندے سید حمزہ شاہین، عثمان علی ہاشم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے بنک روڈ پر مارچ بھی کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں