مظفرگڑھ: آٹے کے حصول کے بعد گھر جانے والی ایک اور خاتون دم توڑ گئی

70 سالہ خاتون نے آٹا پوائنٹ سے دو تھیلے حاصل کیے، خاتون کو آٹا پوائنٹ سے نکلنے کے راستے کے قریب دل کا دورہ پڑا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 اپریل 2023 19:37

مظفرگڑھ: آٹے کے حصول کے بعد گھر جانے والی ایک اور خاتون دم توڑ گئی
مظفر گڑھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اپریل 2023ء ) مظفرگڑھ میں آٹے کے حصول کے بعد گھر جانے والی ایک اور خاتون دم توڑ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق 70 سالہ خاتون نے آٹا پوائنٹ سے دو تھیلے حاصل کیے، خاتون کو آٹا پوائنٹ سے نکلنے کے راستے کے قریب دل کا دورہ پڑا اور اسپتال منتقلی کے دوران جنت مائی دم توڑ گئیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز مفت آٹے کیلئے آنے والے 72 سالہ شخص کو آٹا مل گیا، زندگی چلی گئی۔

پاکستانی شہری 14 کلو میٹر دور سے مفت آٹا لینے پہنچا تھا، آٹے کا تھیلا لے کر رش سے نکلتے ہوئے بیہوش ہوا اور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو کے مطابق جموال موڑ کے قریب مفت آٹا سینٹر میں 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ عبدالرؤف نامی شخص کو ریسکیو اہلکاروں نے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

(جاری ہے)

آٹا سینٹر کے فوکل پرسن کا کہنا ہےکہ شہری آٹا لیکر سینٹر سے باہر نکلا تو دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت کی جانب سے مفت آٹےکی تقسیم کے دوران ایک اور خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر جہانیاں میں مفت آٹےکی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ جہانیاں کرکٹ اسٹیڈیم میں قائم آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ سے 2 خواتین بے ہوش ہوگئیں، دونوں خواتین کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ایک خاتون دوران علاج دل کا دورہ پڑنے سےجاں بحق ہوگئی۔

اس سے قبل ساہیوال کے نواز شریف پارک میں بھی مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں 19 خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق بھی ہوئیں۔ واضح رہے کہ اب تک مفت آٹے کے حصول کے لیے سخت گرمی اور رش میں بد نظمی اور بھگدڑ سے کئی افراد جان سے جاچکے ہیں۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں