حکومت کی پالیسی کے مطابق گندم کی خریداری جلد شروع کر دی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

پیر 29 اپریل 2024 20:38

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی کی زیر صدارت گندم کی خریداری کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او سید حسنین رضا سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اقبال نیازی، محکمہ خوراک سے راحیل اشرف اور کسان تنظیموں کے نمائندگان و عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کےمطابق گندم کی خریداری جلد شروع کردی جائے گی، جو کاشتکار باردانہ ایپ پر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں ان کو حکومت کی پالیسی کےمطابق باردانہ تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کےمطابق رواں ہفتے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور حکومت کی ہدایت کی مطابق باردانہ تقسیم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ اور ضلع کوٹ ادو میں کاشتکاروں کی طرف سے کوئی احتجاج نہیں کیا گیا اور نہ ہی پولیس کےطرف سے کسی کاشتکار اور کسان کو گرفتار کیا گیا ہے دونوں اضلاع میں حالت پرامن ہیں اورامید ہے کہ کاشتکاروں کے تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا اور رواں ہفتے کے دوران گندم کی خریدار ی شروع کردی جائےگی انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں اور کسانوں سے مکمل رابطے میں ہیں ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں کاشتکاروں کے نمائندگان میں خالد محمود، رانا افضل سمیت دیگر کاشتکاروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں