کپاس کی کاشت سے کسانوں کے مالی فائدہ ، ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑتے ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

پیر 29 اپریل 2024 20:46

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اقبال خان نیازی نے کہا ہے کپاس ایک نقد آور فصل ہے جس کی کاشت سے نہ صرف کسانوں کے مالی فائدہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ یہ بات انہو ں نے محکمہ زراعت تحصیل مظفرگڑھ کے زیر اہتمام ڈیرہ جعفر خان سنجرانی یونین کونسل مونڈکا مرکز خانگڑھ میں کپاس کی زیادہ پیداوار کے سلسلے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

سیمینار میں سرداد نعمان حمید ڈوگرسمیت ترقی پسند کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اقبال نیازی نے کسانوں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے اپنانے کی تلقین کی اور کہا کہ کپاس کے کاشتکار کپاس کی ٹرپل جین ورائٹی کاشت کریں جس سے نا صرف کپاس کی پیداوار بہتر ہوتی ہے بلکہ کپاس میں موجود نقصان دہ کیڑوں کے خلاف زیادہ مدافعت پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کپاس کی فصل میں پودوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھ کر فصل کو گنجان ہونے سے بچایا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی فصل کپاس میں رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملہ سے بچاؤ ممکن ہے. کسان کھادوں کے مناسب استعمال خصوصا پوٹاش کے استعمال سے نا صرف منافع بخش فصل کاشت کر سکتے ہیں بلکہ بہترین پیداوار حاصل کر سکتے ہیں ، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ملک عبد الرزاق نے گندم کی کٹائی کے بعد کپاس کی فصل کاشت سے پہلے زمین میں گہرا ہل چلانے بارے آگاہ کیا انہوں نےکہا کہ کپاس کی فصل میں پودوں کے درمیان مناسب فاصلہ کو یقینی بنائیں، کپاس کی بجائی سے قبل بیج کو زہر آلود کریں جس سے فصل ابتدائی دنوں میں رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے۔

سیمنیار میں زراعت آفیسر خانگڑھ حافظ حفیظ اللہ نے اپنے فیلڈ عملہ سمیت شرکت کی اور کپاس کی کاشتکاروں کو مفید معلومات فراہم کیں۔\378

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں