سانگلہ ہل شہر اور گرد ونواح میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور منی پٹرول پمپ کھل گئے

پولیس اور محکمہ سول ڈیفنس کے عملہ نے مبینہ طور پر نذرانے وصول کر کے چھپ سادھ لی

بدھ 17 اپریل 2024 11:53

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) سانگلہ ہل شہر اور گرد ونواح میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور منی پٹرول پمپ کھل گئے پولیس اور محکمہ سول ڈیفنس کے عملہ نے مبینہ طور پر نذرانے وصول کر کے چھپ سادھ لی۔تفصیل کے مطابق شہر بھر میں جگہ جگہ اور اسکے گردونواح میں بھی عام شاہراہوں پر غیر قانونی گیس ری فلنگ اور کھلے عام منی پٹرول پمپ قائم کر رکھے ہیں اور جن سے کسی بھی وقت کسی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔

حکومت پنجاب کی طرف سے کھلے عام پٹرول فروخت کرنے اور گیس ری فلنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور بعض بااثر افراد کی طرف سے تو چوکی تھانوں کے سامنے اور قرب وجوار میں دیدہ دلیری سے گیس ری فلنگ اور کھلا پٹرول فروخت کرنے کا دھندہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

شہر کی معروف ترین شاہراہوں جہاں پر روزانہ پولیس افسران اور انتظامیہ کے افسران کا گزر ہوتا ہے وہاں پر کھلا پٹرول فروخت کرتے بڑے دھڑلے سے غیر قانونی کاروبار کرتے ہیں۔

کھلا پٹرول اور غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ پولیس اور دیگر محکموں کے افسران کو منتھلی دیتے ہیں جسکی وجہ سے وہ ان کی شاپس سے دور رہتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ پولیس اور سول ڈیفنس کا عملہ مبینہ طور پر کھلا پٹرول اور گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کا کاروبار کرنے والوں سے نذرانہ لیکر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سانگلہ ہل تحصیل بھر میں کھلا پٹرول فروخت کرنے اور گیس کی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور کھلا پٹرول فروخت کرنے والوں سے نذرانہ وصول کرنے والے پولیس اہلکاروں اور سول ڈیفنس کے عملہ کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تاکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کو لگام ڈالی جا سکے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں