23مارچ کے دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزاد وطن کے حصول کا خواب دیکھا،احسن اقبال

اتوار 24 مارچ 2024 18:10

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے ڈپٹی کمشنر نارووال کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں 23مارچ کے حوالے سے تقریب پرچم کشائی میں شرکت کی۔اس موقع پر پولیس،سول ڈیفینس اور ریسکیو کے دستوں کی جانب سے قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کی گئی۔چیئرمین سی ایم انیشی ایٹوز و ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک نوید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عظیم شوکت سمیت مختلف محکموں کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے اس دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزاد وطن کے حصول کا خواب دیکھا اس وقت انکے پاس وسائل کی شدید کمی تھی،آج ہمارے پاس تمام تر وسائل ہیں آج ہمیں عزم مصمم کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے پیارے وطن کو ترقی کی راہ پر ڈال سکیں۔

(جاری ہے)

ہمیں اس بات کا عزم کرنا چاہیئے کہ 2047ءتک پاکستان کو دنیا کے ممتاز ترین ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے۔اگر پوری قوم ملکر یہ عزم کرلے تو ہمارے اہداف کا حصول آسانی سے ممکن ہوسکتا ہے ۔ہم میں سے ہر کسی کو اپنے حصے کے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ،ایک استاد کا پاکستان اسکا سکول ہے ڈاکٹرز کا پاکستان انکا ہسپتال ہے اگر ہم میں سے ہر کوئی اپنے زیر اثر دائرے کی حفاظت کرے تو ہم ضرور ترقی کے لئے بنائے جانے والے اہداف کو حاصل کرسکیں گے۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں